نرمل میں ڈی ایم ایچ او نے بستی دواخانہ کا دورہ کیا ، ڈاکٹرس کو مختلف ہدایتیں
نرمل ۔ 25 جولائی ۔ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) نرمل ضلع ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راجندر نے نرمل بستی دواخانہ کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے بستی دواخانہ کی ڈاکٹر مریم فاطمہ سے تفصیلات حاصل کیں اور اُنھیں ہدایت دی کہ وہ موسمی بیماریوں اور مریضوں کی آمد پر خصوصی توجہہ دیتے ہوئے خاطر خواہ علاج کریں اوردواخانہ سے رجوع ہونے والے مریضوں سے حسن سلوک کے ذریعہ اُن کی تکالیف اور مرض کے بارے میں معلوم حاصل کرتے ہوئے اُن کا موثر علاج کریں کیونکہ حسن سلوک کے ذریعہ مریض میں حوصلہ بڑھتا ہے ۔ سرکاری دواخانوں میں ادویات کی کوئی کمی نہیں ہے ۔ مسلسل موسم کی تبدیلی کی وجہ معمولی بخار ، سردرد وغیرہ کو لیکر مریض دواخانوں سے رجوع ہورہے ہیں ، اُن کی اچھی تشخیص کرنا ڈاکٹروں کی اولین ذمہ داری ہے ۔ انھوں نے ڈاکٹر مریم فاطمہ کی بستی دواخانہ پر کارکردگی کو لیکر اطمینان کا اظہار کیا ۔ بعد ازاں ڈاکٹر راجندر ڈی ایم اینڈ ایچ او نے سیاست نیوز (جلیل ازہر) سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل موسم کی تبدیلی ، بارش کی کمی ، کبھی دھوپ ، کبھی بارش کی وجہ بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ ہے ۔ اس سے محفوظ رہنے کیلئے ہمیں اپنے گھروں میں صاف صفائی بالخصوص اطراف و اکناف میں صفائی پر توجہہ کرنے کی ضرورت ہے ۔ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے دواخانوں میں ڈاکٹرز کی کمی نہیں ، اور نہ ہی ادویات کی کمی ہے ۔ حکومت تمام انتظامات پر خصوصی توجہہ مرکوز کئے ہوئے ہے ۔ ہماری بھی ذمہ داری ہے کہ گھروں کے پاس گندگی اور کچرا وغیرہ جمع نہ ہونے دے اور صحت کا خیال رکھیں۔ انھوں نے کہاکہ وہ موسم کو دیکھتے ہوئے تمام ڈاکٹرز کو ہدایات جاری کئے ہوئے ہیں اور تمام علاقوں میں بستی دواخانوں کی کارکردگی پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہیں ۔