ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی ٹیم کا 20 جنوری کو فزیبلیٹی ٹسٹ
حیدرآباد۔ 13 جنوری (سیاست نیوز) ریاست میں نئے ایرپورٹس کی تعمیر کیلئے تیزی سے تیاریاں جاری ہیں۔ تین دن قبل ورنگل کے ممنور ایرپورٹ کی ترقی پر چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے جائزہ اجلاس طلب کرتے ہوئے کاموں کی پیشرفت کے بارے میں آگہی حاصل کی اور عہدیداروں کو چند مشورے بھی دیئے۔ تلنگانہ حکومت ٹرانسپورٹ نظام کو فروغ دینے کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے تاکہ صنعتوں کے قیام کو یقینی بنایا جاسکے اور ترقیاتی کاموں میں تیزی پیدا کی جاسکے۔ تازہ طور پر کتہ گوڑم میں گرین فیلڈ ایرپورٹ کی تعمیرات کا جائزہ لیا جارہا ہے۔ ایرپورٹ کے قیام کیلئے ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے عہدیداروں نے ماضی میں ضلع بھدرادری کتہ گوڑم میں جہاں پر ایرپورٹ تعمیر ہورہا ہے، اس اراضی کا معائنہ کیا۔ ایرپورٹ کی تعمیرات کیلئے فزیبلیٹی ٹسٹ اطمینان بخش نہ ہونے کی وجہ سے کام آگے نہیں بڑھ سکا۔ ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے حال ہی میں مرکزی وزیر شہری ہوا بازی رام موہن نائیڈو سے ملاقات کرتے ہوئے کتہ گوڑم میں ایرپورٹ قائم کرنے کی اپیل کی جس پر مرکزی وزیر نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا۔ رام موہن نائیڈو کی ہدایت پر ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کے عہدیدار کتہ گوڑم میں ایرپورٹ کے قیام کیلئے دوبارہ توجہ مرکوز کئے ہیں۔ اے اے آئی کی جانب سے فزیبلیٹی ٹسٹ کے انعقاد کیلئے ضرورت کے مطابق فنڈس اکٹھا کرنے کی ہدایت دی۔ ریاستی حکومت نے اس سلسلے میں 37.87 لاکھ روپئے جاری کئے۔ اس سلسلے میں ایرپورٹس اتھاریٹی آف انڈیا کی ایک ٹیم 20 جنوری کو کتہ گوڑم کا دورہ کرنے والی ہے۔ یہ ٹیم ایرپورٹ کے قیام کیلئے ٹیکنو اکنامک فزیبلیٹی ٹسٹ ، سوئل ٹسٹنگ کے علاوہ دیگر اُمور کا جائزہ لے گی۔ عہدیدار نے کتہ گوڑم، چنچو پلی، شجاعت نگر کے علاوہ دیگر علاقوں میں 950 ایکر اراضی کی نشاندہی کی ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ فزیبلیٹی ٹسٹ رپورٹ اطمینان بخش ہونے پر کتہ گوڑم میں نئے ایرپورٹ کی تعمیرات کا آغاز کردیا جائے گا۔ 2