کجریوال کی ای ڈی تحویل سے سیوریج اور پانی کے مسائل حل کرنے کی ہدایت

   

نئی دہلی: چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی تحویل سے پہلا تحریری حکم نامہ بھیجا ہے ، جس میں انہوں نے دہلی میں سیوریج اور پانی کے مسائل کو حل کرنے کیلئے آبی کی وزیر آتشی کو ہدایت دی ہے ۔ آتشی نے ای ڈی کی حراست سے کجریوال کے بھیجے گئے حکم کی کاپی میڈیا کو بتائی ۔ چیف منسٹر نے اپنے حکم میں کہا کہ مجھے معلوم ہوا ہیکہ دہلی کے کچھ علاقوں میں پانی اور سیوریج کی کافی پریشانیاں ہیں۔ میں اس بارے میں پریشان ہوں۔ چونکہ میں جیل میں ہوں اس لیے لوگوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا چاہیے ۔ گرمی کا موسم بھی آنے والا ہے ۔ جہاں پانی کی قلت ہو وہاں مناسب تعداد میں ٹینکرز کا انتظام کیا جائے ۔ چیف سیکرٹری اور دیگر افسران کو مناسب احکامات دیں تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گرفتاری و ریمانڈ کیخلاف کجریوال
کی درخواست پر 27 مارچ کو سماعت
نئی دہلی: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی )کے ذریعے گرفتاری اور پی ایم ایل اے کورٹ کے ذریعے دیئے گئے ریمانڈ کے خلاف دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کی درخواست پر دہلی ہائی کورٹ 27 مارچ کو سماعت کرے گی۔ کجریوال کی قانونی ٹیم کی جانب سے اس معاملے پر فوری سماعت کا مطالبہ کیا گیا تھا جسے عدالت نے نہیں مانا تھا۔دہلی کے وزیر اعلی نے اپنی درخواست میں دلیل دی ہے کہ ان کی گرفتاری اور ٹرائل کورٹ کی طرف سے جاری ریمانڈ کا حکم غیر قانونی ہے اور وہ حراست سے فوری طور پر رہا ہونے کے حقدار ہیں۔ عدالت نے ای ڈی کو کجریوال کی 28 مارچ تک تحویل دی تھی جس نے عام آدمی پارٹی پر مبینہ شراب گھوٹالے سے ہونے والی آمدنی کا بڑا فائدہ اٹھانے کا الزام عائد کیا تھا۔ای ڈی نے کہا ہے کہ کجریوال عام آدمی پارٹی کے وزراء ، لیڈروں اور دیگر افراد کی ملی بھگت سے ایکسائز ڈیوٹی پالیسی کیس میں اہم اور کلیدی سازش کار ہیں۔ کجریوال کو جمعہ کو دہلی کی پی ایم ایل اے عدالت نے 28 مارچ تک ای ڈی کی حراست میں بھیج دیا تھا۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ نہ صرف عام آدمی پارٹی بلکہ اروند کجریوال کو پی ایم ایل اے کی دفعہ 4 کے تحت قابل سزا جرائم کا قصوروار ٹھہرایا جائے گا اور ان کے خلاف پی ایم ایل اے کی دفعہ 70 کے تحت مقدمہ چلایا جا سکتا ہے اور سزا دی جا سکتی ہے۔