کرناٹک:تین بار وزیر رہنے والوں کو رضاکارانہ استعفیٰ دینا چاہئے

   

ہبلی: کرناٹک کے وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی کے سیاسی سکریٹری ایم پی رینوکاچاریہ نے چہارشنبہ کے روز تین بار وزیر رہنے والوں کو رضاکارانہ طور پر استعفیٰ دینے اور پارٹی کے لیے وقف ہونے کو کہا۔ رینوکاچاریہ نے کہا، ‘پارٹی کے بہت سے اراکین اسمبلی گجرات کی طرز پر یہاں کابینہ کی تشکیل نو چاہتے ہیں۔ اس پس منظر میں تین بار) 2004، 2008، 2018) وزیر رہ چکے رہنماؤں سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ رضاکارانہ طور پر وزیر کے عہدے سے استعفیٰ دیں اور الیکشن کے کام میں اپنا وقت تنظیم کے لیے وقف کریں۔ اس سے نئے رہنماؤں کو وزیر بننے کا موقع ملے گا اور یہ پارٹی اور حکومت دونوں کے لیے بہتر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس مسئلے پر اراکین اسمبلی کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور وہ اس بابت پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ساتھ پارٹی کے صدر اور وزیراعلیٰ سے ملاقات کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بسواراج بومئی اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے ۔سابق مرکزی وزیر اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر لیڈر بسنا گوڑا پاٹل یتنال نے منگل کو کہا کہ کابینہ میں اصلاحات ہونے والی ہیں اور مسٹر بومئی کو وزیراعلیٰ کے طور پر تبدیل کرنے کے بارے میں عوامی بیانات دینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سمیت اعلیٰ قیادت جانتی ہے کہ کرناٹک کے بی جے پی لیڈر کس طرح بومئی کی جگہ لے سکتے ہیں۔مسٹر یتنال نے کہا، ‘مرکزی وزیر پرہلاد جوشی نے کہا تھا کہ مرکزی قیادت کے پاس تمام معلومات ہیں کیونکہ جو لوگ انھیں پیپر کٹنگ اور ویڈیو کلپس بھیجتے ہیں، ان پر مسٹر مودی مرکزی قیادت کے ساتھ نگرانی کر رہے ہیں جو ایسی تبدیلیوں کی بات کرتے ہیں۔