کرناٹک میں مستقل رہائشی اسناد کیلئے 11 نئے معیار مقرر

   

تعلیمی سند، راشن کارڈ ، آدھار اہم دستاویزات میں شامل ، سرٹیفکیٹ ویب سائٹ اور واٹس ایپ سے حاصل کرنے کی سہولت
بنگلورو، 20 جولائی (آئی اے این ایس) کرناٹک حکومت نے الیکشن کمیشن آف انڈیا کی خصوصی نظرثانی مہم ( ایس آئی آر) کے پیش نظر مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ (پی آر سی) جاری کرنے کیلئے 11 نئے اہلیتی معیار مقررکر دیے ہیں۔ نائب وزیر اعلیٰ اور وزیرِ محصولات جی۔ پرمیشورا نے یہ اعلان ریاست میں مفت ذاتی اور مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ گھر تک پہنچانے کی نئی اسکیم کے آغاز کے موقع پرکیا۔ اس موقع پر چیف منسٹرڈی۔ کے۔ شیوکمار نے کہا کہ مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ ان 11 دستاویزات میں شامل ہے جنہیں الیکشن کمیشن ووٹر فہرست میں نام شامل کرنے کیلئے تسلیم کرتا ہے۔ پرمیشورا نے بتایا کہ حکومت کا مقصد عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے سے بچاتے ہوئے اہم دستاویزات ان کی دہلیز تک پہنچانا ہے۔ حکومت کے مطابق مستقل رہائشی سرٹیفکیٹ ان افراد کو جاری کیا جائے گا جو درج ذیل میں سے کسی ایک شرط پر پورا اتریں: کرناٹک میں پیدائش، والدین کا کم ازکم 10 سال سے ریاست میں رہائش پذیر ہونا، ریاست میں دسویں جماعت یا 12 سالہ تعلیم مکمل کرنا، یا شریک حیات، والدین یا قانونی سرپرست کا ریاست کا مستقل رہائشی ہونا۔ اس کے علاوہ ریاست میں رہائشی یا غیر منقولہ جائیداد کی ملکیت، قانونی وارث ہونا، ووٹر فہرست میں نام شامل ہونا، آدھار، راشن کارڈ، محکمہ محصولات کے ریکارڈ یا دیگر سرکاری دستاویزات کے ذریعہ رہائش کا ثبوت بھی اہلیت میں شامل ہوگا۔ ایسے سرکاری یا سرکاری اداروں کے ملازمین جنہوں نے کرناٹک میں کم ازکم سات سال خدمات انجام دی ہوں اور ریاست کے مستقل رہائشی سے شادی کرنے والے افراد بھی اس سرٹیفکیٹ کے اہل ہوں گے۔ پرمیشورا نے بتایا کہ حکومت تقریباً 4.85 کروڑ ذاتی سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کررہی ہے، جن میں مختلف پسماندہ طبقات، درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کے افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری اپنے سرٹیفکیٹ سرکاری ویب سائٹ، واٹس ایپ، ناداکچہری، گراما ون، بابوجی سروس سنٹر اور دیگر مراکز سے مفت حاصل کر سکتے ہیں۔