کرناٹک میں کانگریس کا انتخابی منشور جاری

   

بجرنگ دل اور پی ایف آئی پر پابندی کا وعدہ ،اقلیتوں کیلئے ریزرویشن کو 75 فیصد کرنے کا فیصلہ

بنگلور: کانگریس نے کرناٹک میں آئندہ اسمبلی انتخابات کیلئے منگل کے روز اپنا انتخابی منشور جاری کیا، جس میں ہندوتوا تنظیم بجرنگ دل اور اسلامی تنظیم پاپولر فرنٹ آف انڈیا (پی ایف آئی) جیسی تنظیموں پر پابندی لگانے کا وعدہ کیا گیا۔منشور میں کہا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی ایسے افراد اور تنظیموں کے خلاف سخت اور فیصلہ کن کارروائی کرنے کیلئے پرعزم ہے جو ذات پات یا مذہب کی بنیاد پر برادریوں کے درمیان نفرت پھیلاتے ہیں۔منشور میں کہا گیا ہے کہ قانون اور آئین سب سے مقدم ہیں اور بجرنگ دل، پی ایف آئی جیسی تنظیموں کے ذریعہ اس کی خلاف ورزی نہیں کی جا سکتی ہے ۔ یہ تنظیمیں اکثریتی یا اقلیتی برادریوں کے درمیان دشمنی یا نفرت کو فروغ دے رہی ہیں۔ اگر پارٹی ریاست میں برسراقتدار آتی ہے تو وہ قانون کے مطابق فیصلہ کن کارروائی کرے گی جس میں ان پر پابندی عائد کرنا بھی شامل ہے ۔پارٹی نے اقتدار میں آنے کے ایک سال کے اندر ریاست میں موجودہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) حکومت کے ذریعے منظور کیے گئے تمام غیر منصفانہ قوانین اور دیگر عوام مخالف قوانین کو منسوخ کرنے کا وعدہ بھی کیا۔انتخابی مہم کے دوران کانگریس لیڈر راہول گاندھی اور پرینکا گاندھی کی قیادت میں منشور میں دی گئی پانچ ضمانتوں میں گرہ جیوتی (سب کو 200 یونٹ مفت بجلی)، گرہ لکشمی (گھر کی ہر خاتون سربراہ کو 2,000 روپے ماہانہ) شامل ہیں۔ ان بھاگیہ (بی پی ایل گھرانے کے ہر فرد کو 10 کلو گرام پسند کا اناج چاول، راگی، جوار، باجرہ)، یوا ندھی (بیروزگار گریجویٹس کو دو سال کیلئے ماہانہ 3,000 روپے اور بے روزگار ڈپلومہ ہولڈرز کو 1,500 روپے ماہانہ) الاؤنس کے طور پر )، اور شکتی (ریاست بھر کی تمام خواتین کیلئے باقاعدہ KSRTC/BMTC بسوں میں مفت سفر) کی اسکیموں کا اعلان کیا گیا ہے۔ کانگریس نے درج فہرست ذات (ایس سی)، درج فہرست قبائل (ایس ٹی) اور دیگر پسماندہ طبقات (او بی سی) اقلیتوں اور لنگایت اور ووکلیگاس جیسی دیگر برادریوں کی امیدوں اور خواہشات کو پورا کرنے کیلئے ریزرویشن کی حد کو 50 فیصد سے بڑھا کر 75 فیصد کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔پارٹی نے کہا کہ وہ ایس سی کیلئے ریزرویشن کو 15 سے بڑھا کر 17 فیصد اور ایس ٹی کیلئے تین سے سات فیصد کرنے اور چار فیصد کے اقلیتی ریزرویشن کو بحال کرنے اور لنگایت، ووکلیگا اور دیگر کمیونٹیز کیلئے ریزرویشن بڑھانے کیلئے پرعزم ہے ۔کانگریس صدر ملک ارجن کھڑگے نے کہا کہ حکومت سازی کے پہلے دن کابینہ کی پہلی میٹنگ میں ان تمام وعدوں کو پورا کیا جائے گا۔