کرناٹک کے ناراض رکن اسمبلی استعفا واپس لینے تیار

,

   

دیگر باغی ارکان کو منانے کی کوشش کرنے ناگراج کا تیقن

بنگلور ، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے اپنے ناراض ارکان اسمبلی کو سمجھا کر واپس لانے کی کوششوں میں شدت پیدا کردی ہے۔ اس دوران پارٹی کے ایک رکن ایم ٹی بی ناگراج نے استعفا کے فیصلے پر نہ صرف دوبارہ غور کرنے کا اشارہ دیا ہے بلکہ یہ بھی کہا کہ وہ دوسرے ناراض ارکان کو بھی ترغیب دیں گے ۔ ریاستی وزیر امکنہ ایم ٹی بی ناگراج نے جو گزشتہ ہفتے اسمبلی کی رکنیت سے مستعفی ہونے والے کانگریس اور جے ڈی (ایس) کے 16 ارکان میں شامل ہیں، کہا کہ بشمول سابق چیف منسٹر سدارامیا متعدد سینئر قائدین نے اُن سے ملاقات کی اور استعفا واپس لینے کی ترغیب دی۔ ناگراج نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ سدارامیا اور دنیش گنڈو راؤ نے مجھ سے ملاقات کی۔ مجھ سے استعفا سے دستبرداری کی خواہش کرتے ہوئے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے کچھ وقت انتظار کرنے پر زور دیا تھا۔ اس وقت ناگراج کے ساتھ ڈپٹی چیف منسٹر جی پرمیشور، وزیر آبی وسائل ڈی کے شیوا کمار اور دیگر کانگریس قائدین بھی موجود تھے ۔ اس دوران کانگریس اور جے ڈی (ایس) کے پانچ ارکان اسمبلی نے اپنے استعفوں کو منظور نہ کرنے پر اسپیکر کے خلاف آج سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی ۔ ان پانچ ارکان اسمبلی میں آنند سنگھ، کے سدھاکر، این ناگراج ، منی رتن، اور روشن بیگ شامل ہیں۔ انہوں نے دیگر 10 مستعفی ارکان کی درخواست کے ساتھ اپنی اپیل پر بھی سماعت کی استدعا کی ۔ سپریم کورٹ میں آئندہ پیشی منگل کو مقرر ہے ۔

کمارا سوامی پیر کو تحریک اعتماد
پیش کریں : یدی یورپا
منگلورو ، 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک بی جے پی یونٹ کے صدر بی ایس یدی یورپا نے آج کہا کہ اُن کی پارٹی چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی پر پیر کو اسمبلی میں خط اعتماد حاصل کرنے کیلئے دباؤ ڈالے گی ۔ سابق چیف منسٹر یدی یورپا نے دعویٰ کیا کہ کانگریس ۔ جے ڈی (ایس) حکومت اکثریت سے محروم ہوگئی ہے اور اس کا زوال یقینی ہے۔ کمارا سوامی نے گزشتہ روز حیرت انگیز طور پر اعلان کیا تھا کہ وہ خط اعتماد حاصل کریں گے اور یدی یورپا نے آج مطالبہ کردیا کہ چیف منسٹر پیر کو ہی تحریک اعتماد پیش کریں۔ سپریم کورٹ نے اسپیکر کو منگل تک جوں کی توں حالت برقرار رہنے کا حکم دے رکھا ہے۔