کرنل سنتوش بابو کی بیوہ ڈپٹی کلکٹر کے عہدہ پر فائز

,

   

چیف منسٹر نے احکامات حوالے کئے، بنجارہ ہلز میں اراضی مختص
حیدرآباد: تلنگانہ حکومت نے حال ہی میں ہند۔چین سرحد پر مڈبھیڑ میں شہید ہونے والے کرنل سنتوش بابو کی بیوہ شریمتی سنتوشی کو ڈپٹی کلکٹر کے عہدہ پر فائز کیا ہے۔ پرگتی بھون میں چیف منسٹر نے آج احکامات تقرر سنتوشی کے حوالے کئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حیدرآباد یا پھر حیدرآباد کے کسی قریبی علاقہ میں ان کی پوسٹنگ کریں۔ چیف منسٹر نے اپنی سکریٹری سمیتا سبھروال سے کہا کہ سنتوشی کی مناسب ٹریننگ سے لے کر فرائض کا جائزہ حاصل کرنے تک رہنمائی کریں۔ چیف منسٹر نے سنتوشی اور ان کے 20 افراد خاندان کے ساتھ پرگتی بھون میں لنچ کیا۔ انہوں نے خاندان کے تمام افراد کی خیر خیریت دریافت کی ۔ چیف منسٹر نے ارکان خاندان کو تیقن دیا کہ حکومت ان سے ہمیشہ تعاون جاری رکھے گی ۔ اس موقع پر ریاستی وزراء جگدیش ریڈی، پرشانت ریڈی، نرنجن ریڈی ، رکن پارلیمنٹ بی لنگیا یادو ، ارکان اسمبلی جی کشور ، ملیا یادو ، سی ایچ لنگیا ، صدرنشین ضلع پریشد دیپیکا یوگیندر راؤ ، چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈی جی پی مہیندر ریڈی، حکومت کے مشیر اعلیٰ راجیو شرما اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ قبل ازیں حکومت نے اپنے وعدہ کے مطابق سنتوش بابو کے پسماندگان کو بنجارہ ہلز میں اراضی کے کاغذات حوالے کئے ۔ کلکٹر حیدرآباد شویتا موہنتی نے 711 مربع گز پر مشتمل پلاٹ واقع روڈ نمبر 14 بنجارہ ہلز کے کاغذات سنتوشی کے حوالے کئے ۔ حکومت نے بنجارہ ہلز کے علاقہ میں کوئی اراضی منتخب کرنے کا ارکان خاندان کو اختیار دیا تھا۔ انہوں نے کے برہمانند ریڈی پارک کے روبرو موجود پلاٹ کا انتخاب کیا جس کی مارکٹ ویلیو تقریباً 20 کروڑ ہے۔ سوریا پیٹ کے تعلق رکھنے والے کرنل سنتوش بابو 15 جون کو لداخ میں چینی فوج سے جھڑپ میں شہید ہوئے تھے۔