کرن بیدی تلنگانہ و آندھراپردیش کی نئی گورنر!

,

   

جاریہ ماہ کے آخری ہفتے میں اعلان متوقع

حیدرآباد /22 جنوری ( سیاست نیوز ) علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل سے پہلے ریاستی گورنر کی حیثیت سے سال 2009 میں ای نرسمہن نے گورنر کا عہدہ سنبھالا تھا ۔ جس پر وہ تاحال فائز ہیں۔ 2014 میں علحدہ ریاست تلنگانہ کی تشکیل کے بعد بی جے پی مرکز میں اقتدار پر فائز ہونے کے بعد ای نرسمہن کو دونوں ریاستوں کا گورنر مقرر کیاگ یا تھا ۔ جس پر آج بھی دونوں ریاستوں کے گورنر کی حیثیت سے بخوبی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ آندھراپردیش میں تلگودیشم پارٹی برسر اقتدار ہے ۔ تاہم گذشتہ دو دنوں سے سوشیل میڈیا پر مسلسل یہ خبر گشت کر رہی ہے کہ آندھراپردیش کے نئے گورنر کی حیثیت سے کرن بیدی کو مقرر کیا جائے گا ۔ اطلاع ہے کہ کرن بیدی کے علاوہ مزید تین نام گورنر کے عہدے کیلئے زیر غور ہیں ۔ دونوں ریاستوں کے علحدہ ہونے کے بعد یہاں گورنر کو تبدیل نہیں کیا گیا ۔ اس سلسلے میں چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی حکومت سے شکایت کی تھی کہ وہ ای نرسمہن ان کی حکومت کے ساتھ تعاون نہیں کر رہے ہیں ۔ لہذا انہیں یہاں سے ہٹا دیا جائے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ گورنر کا معیاد بھی مکمل ہوچکا ہے ۔ باوجود انہیں تبدیل نہیں کیا گیا ہے ۔ اس بات کی اطلاع ہے کہ آئندہ منعقد ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر بھی گورنر کو تبدیل کیا جارہا ہے ۔ واضح رہے کہ کرن بیدی گورنر سے زیادہ ایک آئی پی ایس آفیسر کی حیثیت سے زیادہ مقبولیت رکھتی ہیں ۔ حالانکہ بی جے پی پارٹی سے وابستگی کے بعد ان پر کئی الزامات بھی عائد کئے جاچکے ہیں ۔ مرکزی حکومت نے پارلیمانی انتخابات کے پیش نظر اگر کرن بیدی کو آندھرا کا گورنر مقرر کیا تو تلگودیشم کی پریشانی بڑھ سکتی ہے ۔ سوال یہ ہے کہ اگر کرن بیدی کو آندھراپردیش کیلئے گورنر مقرر کیا جاتا ہے تو کیا تلنگانہ کیلئے علحدہ گورنر مقرر کیا جائے گا ۔ یا کرن بیدی کو ہی دونوں ریاست کی ذمہ داری سونپی جائے گی ۔ عوام میں اس حوالے سے تجسس پایا جاتا ہے ۔