چنئی، 5 اکتوبر (آئی اے این ایس) مدراس ہائی کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے تمل ناڈو کے ضلع کرور میں اداکار و سیاستدان وجے کی انتخابی ریلی کے دوران پیش آنے والی مہلک بھگدڑ کی باضابطہ تحقیقات شروع کر دی ہیں، جس میں 41 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔ یہ واقعہ تمل ناڈو میں حالیہ برسوں کے بدترین عوامی اجتماعات کے حادثات میں شمار کیا جا رہا ہے، جس نے سیکیورٹی انتظامات اور ہجوم پر قابو پانے کے نظام پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں۔ عدالت نے متعدد درخواستوں اور واقعے کی سنگینی کو مدنظر رکھتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دیا تھا اور معاملہ انسپکٹر جنرل اسرا گرگ کی سربراہی میں تشکیل دی گئی نئی ٹیم کے سپردکردیا۔ اس سے قبل تفتیش ایڈیشنل ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس پریمانند کے پاس تھی، جنہوں نے تمام شواہد، بیانات، اور ابتدائی رپورٹ مذکورہ ٹیم کے حوالے کر دی ہے۔ ذرائع کے مطابق، ٹیم نے واقعے کی ویڈیوز، گواہوں کے بیانات اور ہجوم کے نظم و نسق سے متعلق اعداد و شمارکا جائزہ لینا شروع کردیا ہے۔ آئی جی اسرا گرگ نے ٹیم کے ہمراہ جائے وقوعہ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے داخلی و خارجی راستوں، سیکیورٹی انتظامات اور ایونٹ کے دوران ہجوم کے ردعمل کا جائزہ لیا۔ٹیم کو مزید مضبوط بنانے کے لیے آٹھ سینئر افسران پر مشتمل اضافی عملہ شامل کیا گیا ہے، ۔