کریم نگرمسلم ایجوکیشنل سوسائٹی کی جانب سے اسناد و کمپیوٹر تقسیم تقریب

   

کریم نگر، 12 جولائی: (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ۔مسلم ایجوکیشنل سوسائٹی، کریم نگر، کے زیرِ اہتمام اتوار کو ڈپلومہ اِن کمپیوٹر ایپلیکیشن کامیابی سے مکمل کرنے والے طلبہ کے اعزاز میں اسناد و کمپیوٹر تقسیم تقریب منعقد کی گئی۔تقریب میں کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے تمام طلبہ میں اسناد تقسیم کی گئیں، جبکہ 90 فیصد سے زائد نمبرات حاصل کرنے والے 6 نمایاں طلبہ کو خصوصی اعزاز کے طور پر اسناد کے ساتھ کمپیوٹر بھی پیش کیے گئے۔ مقررین نے طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ جدید دور میں کمپیوٹر تعلیم نہایت اہمیت کی حامل ہے اور نوجوانوں کو اس میدان میں مہارت حاصل کرکے اپنے روشن مستقبل کی تعمیر کرنی چاہیے۔اس موقع پر سوسائٹی کے صدر انجینئر مظفر الدین شبیر، جنرل سکریٹری شیخ ابوبکر خالد، نائب صدور ڈاکٹر سلیم الدین اور مظفرالدین, خازن احمد بیگ، صلاح الدین، احتشام عثمانی, مرزا محیب، محمد شیخ سلام، شیخ صالح, سید افضل کے علاوہ سوسائٹی کے دیگراراکین بھی موجود تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ذمہ داران نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کی تعلیمی و لسانی صلاحیتوں کو فروغ دینے کے مقصد سے آئندہ چھ ماہ پر مشتمل اسپوکن انگلش کورس بھی شروع کرنے کا منصوبہ ہے، تاکہ طلبہ کو روزگار اور اعلیٰ تعلیم کے بہتر مواقع میسر آسکیں۔