کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کی کوشش : ٹی ناگیشور راؤ

   

تانڈور۔ 5 مئی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع وقارآباد کے تانڈور میں واقع ایس وی آر فنکشن ہال میں محکمہ زراعت کی جانب سے منعقدہ پروگرام میں ریاستی وزیر زراعت ٹی ناگیشور راؤ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا۔ریاستی وزیر نے کہا کہ اگر کسان کوشش نہیں کریں گے تو مستقبل میں زمین بنجر ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسان کم لاگت میں زیادہ پیداوار حاصل کرنے کی کوشش کریں ۔ زمین کے تحفظ اور قدرتی زراعت کے ذریعے عوام کی صحت کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ریاستی حکومت نے ایک لاکھ 40 ہزار کروڑ روپے کسانوں کے کھاتوں میں جمع کیے ہیں۔ وزیر اعلیٰ کی کوششوں سے 90 کروڑ روپے کی لاگت سے کوٹ پلی پروجیکٹ لایا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ 40 سے 50 ہزار کوئنٹل تک مکئی کی پیداوار حاصل ہو رہی ہے اور تلنگانہ کے کسان ملک میں سب سے زیادہ پیداوار کرنے والے کسان ہیں۔ ضلع کلکٹر دیپک تیواری نے کہا کہ عوامی حکمرانی اور ترقیاتی منصوبے کے تحت آج سے 9 مئی تک کسانوں کے پروگرام منعقد کیے جا رہے ہیں، جن میں کسانوں کو رعیتو بھروسہ، رعیتو بیمہ اور دیگر فلاحی اسکیموں کے بارے میں معلومات فراہم کی جائیں گی اور ان کی تجاویز بھی حاصل کی جائیں گی۔اس موقع پر کئی کسانوں اور سائنس دانوں نے بھی خطاب کیا۔اس پروگرام میں محکمہ زراعت کے کمشنر سریندر موہن، چیویلا کے ایم ایل اے کالے یادیا، میونسپل چیئرپرسن کلوا سجاتا، مارکیٹ چیئرمین، اے ایم سی چیئرمین، آتما چیئرمین، محکمہ زراعت کے عہدیداران، عوامی نمائندے اور کسان بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔