کسانوں کو مفت بجلی اور آبپاشی کے پراجکٹس کے وعدے

   

اترپردیش کو ترقی یافتہ ریاست بنانے کا عزم، بی جے پی کا انتخابی منشور

لکھنؤ: اترپردیش اسمبلی انتخابات کے پیش نظر بی جے پی نے کسانوں کو آئندہ پانچ سالوں تک مفت بجلی دینے کے انتخابی وعدے کے ساتھ منگل کو اپنا انتخابی منشور’لوک کلیان سنکلپ پتر۔ 2022‘جاری کردیا۔وزیر داخلہ امیت شاہ نے اترپردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ اور بی جے پی کے دیگر سینئر لیڈروں کے ساتھ یہاں سنکلپ پتر جاری کرتے ہوئے کہا کہ اگلے پانچ سال میں سبھی کسانوں کو آبپاشی کے لئے مفت بجلی دستیاب کرائیں گے ۔ساتھ ہی پانچ ہزار کروڑ روپئے کے اخراجات والے وزیر اعلی زرعی آبپاشی اسکیم بھی بی جے پی حکومت بننے پرشروع کی جائے گی۔اس کے تحت سبھی چھوٹے اور اوسط کسانوں کے لئے بورویل، ٹیوب ویل، تالاب اور ٹینک تعمیر کے لئے گرانٹ دی جائے گی۔