حیدرآباد: سی پی آئی ماؤسٹ نے 26 مارچ کو کسان تنظیموں کے بھارت بند کی تائید کا اعلان کیا ہے۔ زرعی قوانین کے خلاف 40 تنظیموں پر مشتمل سمیوکت کسان مورچہ نے بھارت بند کی اپیل کی ۔ سی پی آئی ماؤسٹ تلنگانہ اسٹیٹ کمیٹی ترجمان جگن نے اپنے بیان میں کہا کہ سی پی آئی ماؤسٹ کسانوں کے احتجاج کی تائید کرتی ہے۔ انہوں نے سماج کے مختلف طبقات سے بند کی تائید کی اپیل کی اور کہا کہ مرکز نئے زرعی قوانین کے ذریعہ کارپوریٹ شعبہ کو فائدہ پہنچانا چاہتا ہے۔ ملک بھر میں کسان قوانین کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں لیکن 100 دن سے زائد گزرنے کے باوجود مرکزی حکومت قوانین سے دستبرداری کیلئے تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں برطانوی سامراج کے خلاف جدوجہد میں کسانوں نے اہم رول ادا کیا تھا ۔ آج وہی کسان اپنے حقوق کے تحفظ کیلئے ملک بھر میں دوبارہ ایجی ٹیشن پر مجبور ہوچکے ہیں۔