کسی بھی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا: وینکیا نائیڈو

   

نئی دہلی 6 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان سنگین اشتعال انگیزیوں کے باوجود صبر سے کام لے رہا ہے تاہم کسی بھی حملہ کا ایسا منہ توڑ جواب دیا جائیگا کہ حملہ آور کبھی فراموش نہیںکر پائیگا ۔ نائب صدر جمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے پاکستان کو انتباہ دیتے ہوئے یہ بات کہی ۔ انہوں نے یہ ریمارکس صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند کی تقاریر کی لانچ کے موقع پر خطاب کر رہے تھے ۔ ان تقاریر کو ایک کتابی شکل دیتے ہوئے جاری کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر تاریخ کا مطالعہ کریں تو پتہ چلیگاکہ ہندوستان نے کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا ہے ۔ کبھی جارحیت نہیں دکھائی ہے حالانکہ اسے دنیا بھر میں وشوا گرو قرار دیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دوسروں سے پہلے سب سے زیادہ جی ڈی پی حاصل کرنے کے باوجود ہندوستان نے کسی بھی ملک پر حملہ نہیں کیا ۔ ہندوستان پر کئی لوگوں نے حملے کئے اور ہمیں نشانہ بنایا لیکن ہم نے کسی پر حملہ نہیں کیا ۔ اگر کوئی ہندوستان پر حملہ کرنے اور جارحیت کا مظاہرہ کرنے کی کوشش کریگا تو اس کو ایسا جواب دیا جائے گا کہ وہ کبھی فراموش نہیںکر پائیگا ۔