کشمیری شہریوں پر حملوں کی روک تھام کیلئے چوکسی

   

محمد علی شبیر کی توجہ دہانی پر صدرنشین کونسل کا اقدام
حیدرآباد۔ 22 فروری (سیاست نیوز) صدرنشین قانون ساز کونسل سوامی گوڑ نے وزیر داخلہ محمد محمود علی کو مشورہ دیا کہ وہ پلوامہ میں دہشت گرد حملے کے پس منظر میں تلنگانہ میں بھی چوکسی اختیار کریں تاکہ بے قصور افراد کو نشانہ بنانے شرپسند عناصر کو کامیابی نہ ہو۔ بجٹ کی پیشکشی سے قبل کونسل میں پلوامہ کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے قرارداد پیش کی گئی۔ کانگریس کے فلور لیڈر محمد علی شبیر نے دہشت گرد حملے کی مذمت کی ساتھ ہی ملک کے بعض حصوں میں کشمیری عوام پر حملوں کا ذکر کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے 125 کروڑ عوام دہشت گردی کے خلاف متحدہ ہیں۔ دہشت گردی کا کوئی مذہب اور علاقہ سے تعلق نہیں ہوتا۔ یہ انسانیت دشمن ہیں جن کی ہرگز تائید نہیں کی جاسکتی۔ انہوں نے کشمیریوں پر حملوں کی مذمت کی اور کہا کہ پلوامہ واقعہ کے نام پر کشمیریوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے۔ کشمیر اور کشمیری ہندوستان کا اٹوٹ حصہ ہیں۔ مرکزی اور ریاستی حکومت کو ان واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کسی بھی کا رروائی کے سلسلہ میں کانگریس پارٹی مکمل تائید کرتی ہے۔ محمد علی شبیر کی توجہ دہانی پر صدرنشین کونسل نے وزیر داخلہ کو مشورہ دیا کہ وہ پولیس کو چوکسی کی ہدایت دیں تاکہ بے قصور افراد نشانہ بننے سے بچ جائیں۔