کشمیر میں قیام امن کیلئے سیکوریٹی ایجنسیاں مصروف

   

پاسنگ آؤٹ پریڈ سے لیفٹننٹ گورنر منوج سنہا کا خطاب
سرینگر: جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کا کہنا ہیکہ یونین ٹریٹری کے کئی علاقوں کو عسکریت پسندوں سے پاک کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ملی ٹینسی کے ایکو سسٹم کو پوری طرح سے تباہ کیا گیا ہے اورجموں وکشمیر سے ملی ٹینسی کے خاتمہ کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ ان باتوں کا اظہار ایل جی نے وسطی ضلع گاندربل کے منی گام میں پاسنگ آوٹ پریڈ سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں ملی ٹینسی کا قلع قمع کرنے کی خاطر کوششیں جاری ہیں۔ اُن کے مطابق سیکورٹی ایجنسیاں جموں وکشمیر میں قیام امن کی خاطر اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہیں۔نارکو ٹریرزم کے بارے میں لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کہاکہ اگر اس پر فوری طورپر قابو نہیں پایا گیا تو یہ سماج کے لئے سم قاتل ثابت ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دیگر سیکورٹی فورسز کے ساتھ مل کر ہیومن اور ٹیکنیکی صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر جموں وکشمیر کے بہت سے علاقوں کو ملی ٹینسی سے پاک کرنے میں کامیابی حاصل کی لیکن ملی ٹینسی کو مکمل طور پر جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر مزید کچھ کرنے کی ضرورت ہے ۔ لیفٹیننٹ گورنر نے کہاکہ نارکو ملی ٹینسی تیزی سے ایک بڑے چیلنج کے طور پر ابھر رہی ہے اور اگر اس سے بروقت نہیں نمٹا گیا تو یہ کینسر کی شکل اختیار کرسکتا ہے ۔انہوں نے مزید کہاکہ جموں وکشمیر پولیس کو کئی محاذوں پر متعدد چیلنجوں کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ دوسری ریاستوں میں پولیس کو بہت ہی کم چیلنجوں کا سامنا ہے ۔