کشمیر میں گرفتار دہشت گردتنظیم کا رکن بی جے پی کے آئی ٹی سیل کا انچارج

,

   

سرینگر: جموں کشمیر میں ایک دہشت گرد تنظیم سے تعلق رکھنے والے ایک مبینہ دہشت گرد کو گرفتار کیا گیا ہے جو حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کا سرگرم رکن بھی ہے۔این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ شخص جموں میں بی جے پی کے سوشل میڈیا اور آئی ٹی سیل کا انچارج بھی تھا۔طالب حسین شاہ نامی شخص اور اس کے ساتھی کو جموں کے ریاسی کے علاقے میں گاؤں کے لوگوں نے اتوار کی صبح پکڑا اور ان کے قبضے سے اسلحہ و بارود بھی برآمد ہوا جسے پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔بی جے پی نے اس کا الزام آن لائن ممبر شپ پر ڈالا ہے جس کی وجہ سے لوگ کسی جانچ پڑتال کے ذریعے پارٹی میں شامل ہو رہے ہیں۔بی جے پی کے ترجمان آر ایس پٹھانیا نے کہا کہ ’اس گرفتاری سے ایک نیا مسئلہ کھڑا ہو گیا ہے۔ اب ہر کوئی آن لائن بی جے پی کا ممبر بن سکتا ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ پارٹی میں شامل ہونے والوں کی جانچ پڑتال کا کوئی طریقہ اختیار نہیں کیا گیا۔‘بی جے پی نے مئی میں طالب حسین کو جموں میں پارٹی کی سوشل میڈیا اور آئی ٹی سیل کا انچارج مقرر کیا تھا۔جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اور پولیس چیف نے ریاسی گاؤں کے لوگوں کو رقمی انعامات دینے کا اعلان کیا ہے۔