نئی دہلی، 19 نومبر (یواین آئی) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا ہے کہ لشکر طیبہ سے وابستہ دہشت گرد لطیف بھٹ کی ہلاکت کے بعد پورا کشمیر ہندوستان میں پیدا ہونے والے دہشت گردوں سے پاک ہو گیا ہے ۔انہوں نے اسے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑا سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ 35 سال بعد یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے ۔ انہوں نے دو روزہ انسداد دہشت گردی کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں حکومت دہشت گردی کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کر رہی ہے ۔ اب ملک بھر کے پولیس تھانوں تک دہشت گردی سے نمٹنے یکساں حکمت عملی نافذ کی جا رہی ہے ۔ امیت شاہ نے بتایا کہ 2019 سے اب تک 36 ممالک سے 303 مفرور افراد کو ہندوستان واپس لایا گیا ۔ وہیں شہزاد بھٹی نیٹ ورک کے 40 سے زیادہ ماڈیولز تباہ کیے گئے ، 100 سے زیادہ مقدمات درج ہوئے اور 271 سے زائد گرفتاریاں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے پورے نیٹ ورک اور اس کی مالی معاونت پر بیک وقت حملہ کرنا ضروری ہے ۔