کلکٹر خود معلمہ بن گئیں، طالبات کو سبق پڑھا یا

   

میدک۔26جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر پرتیما سنگھ نے کہا کہ طالب علمی کے زمانے ہی سے نظم و ضبط کی عادت اپنانی چاہیے، کیونکہ یہی ان کے روشن مستقبل کی بنیاد بنتی ہے۔ضلع کلکٹر نے ضلع کے چیگنٹہ منڈل میں واقع کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ (KGBV) کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ خود معلمہ بن گئیں اور چھٹی و ساتویں جماعت کی طالبات کو سبق پڑھاتے ہوئے ان کی تعلیمی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ طالبات کی جانب سے آٹھ تک کے پہاڑے روانی سے سنانے پر انہوں نے اطمینان کا اظہار کیا۔بعد ازاں انہوں نے دسویں جماعت میں ان اکیڈمی کی آن لائن کلاسوں کا معائنہ کیا اور فاسٹ میتھس اور Get It Write کتابوں کی افادیت سے طلبہ کو واقف ہونے کی تلقین کی۔ انہوں نے خراب کمپیوٹروں کی فوری مرمت کراکے تمام طالبات کیلئے ان اکیڈمی کی سہولت دستیاب بنانے کی ہدایت دی۔کلکٹر نے ہاسٹل کے کچن کا بھی معائنہ کیا، غذائی اشیاء اور تیار شدہ کھانے کا جائزہ لیا اور اساتذہ منصوبہ بندی کے ساتھ تمام مضامین کی تدریس کو یقینی بنائیں۔ اگر کسی قسم کے مسائل درپیش ہوں تو فوری طور پر محکمہ تعلیم کے حکام کے علم میں لائے جائیں۔اس موقع پر ضلع پریشد کے سی ای او ایلّیا، ضلع تعلیمی افسر راجو، بی ڈبلیو او ہیما بھارگوی، ایم پی ڈی او چنا ریڈی، شماریاتی افسر نوین اور کستوربا گاندھی بالیکا ودیالیہ کے اساتذہ بھی موجود تھے۔