کمار اسوامی کی چیف منسٹر ایڈورپا سے بارش کی تباہ کاریوں پر نمائندگی

,

   

اچانک ملاقات سے سیاسی تبادلہ خیال کی قیاس آرائیوں کو بھی تقویت

بنگلورو: جنتادل ( ایس ) کے لیڈر ایچ ڈی کمارا سوامی نے آج چیف منسٹر کرناٹک بی ایس ایڈورپا سے ملاقات کی اور کہا کہ انہوں نے اپنی پارٹی کے ارکان اسمبلی کے حلقوں میں شدید بارش کی وجہ سے ہوئی تباہی سے چیف منسٹر کو واقف کروانے یہ ملاقات کی ہے ۔ تاہم دونوں قائدین کے مابین اچانک ملاقات سے ان کے مابین امکانی سیاسی تبادلہ خیال کے تعلق سے قیاس آرائیوں کو تقویت مل گئی ہے ۔ کمارا سوامی نے ایڈورپا سے ان کے گھر پر ملاقات کی جہاں چیف منسٹر کا دفتر بھی واقع ہے ۔ ذرائع کے بموجب یہ ملاقات 20 منٹ کی رہی ہے ۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کمارا سوامی نے کہا کہ انہوں نے حالیہ بارش کی وجہ سے ہوئے نقصانات پر تبادلہ خیال کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ خاص طور پر ان کی پارٹی کے رکن اسمبلی منجوناتھ کے حلقہ دساراہلی میں بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔ علاوہ ازیں چکابنوارا اور پینیا حلقوں میں بھی بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں۔ کمارا سوامی نے بتایا کہ جب وہ چیف منسٹر تھے انہوں نے ان علاقوں کیلئے 515 کروڑ روپئے کے پراجیکٹس کو منظوری دی تھی تاہم اب تک صرف 16 کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں۔ ان حلقوں میں کئی لے آوٹس زیر آب آگئے ہیں۔ اس لئے ارکان اسمبلی کے ساتھ انہوں نے چیف منسٹر سے ملاقات کرکے ان علاقوں میں ہونے والے نقصانات کو روکنے مزید فنڈز جاری کرنے کی خواہش کی ہے ۔ بعد ازاں نامہ نگاروں سے علیحدہ بات کرتے ہوئے چیف منسٹر ایڈورپا نے بھی کہا کہ اس موقع پر حالیہ بارش سے ہونے والے نقصانات کے تعلق سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بارش سے بہت زیادہ تباہی ہوئی ہے اس لئے کمار اسوامی اپنے ارکان اسمبلی کے ساتھ آئے تھے اور انہوں نے ضروری اقدامات کرنے اور مزید فنڈز جاری کرنے کی خواہش کی ہے ۔ اس تعلق سے ہم نے تبادلہ خیال کیا ہے ۔ واضح رہے کہ بنگلورو اور اطراف کے علاقوں میں جاریہ مہینے کے اوائل میں شدید بارش کی وجہ سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے تھے اور جائیداد و املاک کا نقصان ہوا تھا ۔