کمرشیل ٹیکس عہدیداروں کو آمدنی پر اضافہ پر توجہ کا مشورہ

   


محکمہ کے استحکام کیلئے کئی تبدیلیاں، چیف سیکریٹری سومیش کمار کی تقریر

حیدرآباد : چیف سیکریٹری سومیش کمار نے کمرشیل ٹیکسیس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ آمدنی میں اضافہ کی مہم سے وابستہ ہوجائیں اور آئندہ 45 دنوں میں طئے کئے گئے نشانہ کی تکمیل پر توجہ دیں۔ سومیش کمار آج انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں ریوینیو کلکشن میں اضافہ کیلئے 1376 عہدیداروں پر مشتمل 460 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ چیف سیکریٹری نے ملک میں ٹیکنالوجی مہم میں انکم ٹیکس ڈپارٹمنٹ کے رول کی ستائش کی۔ ڈپارٹمنٹ کی ازسرنو تنظیم سازی کرتے ہوئے دو زائد ڈیویژن، 18 سرکل اور 161 نئے عہدے قائم کئے گئے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی محکمہ پر خصوصی توجہ کے باعث یہ ممکن ہوسکا۔ چیف سیکریٹری نے کمرشیل ٹیکس اسٹاف کو ریاست کے معمار قرار دیا اور امید ظاہر کی کہ محکمہ گزشتہ چار برسوں کی طرح اطمینان بخش طور پر نشانہ کی تکمیل کرے گا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ٹیم ورک کی طرح کام کرنے کا مشورہ دیا۔ کمشنر کمرشیل ٹیکس شریمتی نیتو کماری کے ساتھ اور دیگر سینئر عہدیدار اس موقع پر موجود تھے۔