لندن: ویلز کے علاقہ ٹیڈ فل میں ایک 5 سالہ بچے نے 52 مقناطیسی گیندیں نگل لیں۔ بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق بچے جوڈ فولی کو پہلی مرتبہ اگست میں معدے میں درد کی شکایت پر ڈاکٹر کے پاس لے جایا گیا تو ڈاکٹر نے درد کو معمولی قرار دیتے ہوئے واپس بھیج دیا لیکن جب بچے کی طبیعت بہتر نہ ہوئی تو والدہ بچے کو لے کر پرنس چارلس اسپتال پہنچ گئیں۔ اسپتال میں جوڈ فولی کے خون کے نمونے لیے گئے تو نارمل آئے جس پر ڈاکٹروں نے بچے کا ایکسرے کیا تو دنگ رہ گئے، ابتدا میں ڈاکٹر سمجھے کہ یہ کوئی بریسلیٹ ہے لیکن بعد میں انہیں پتا چلا کہ یہ مقناطیسی گیندیں ہیں جو ایک دوسرے کے ساتھ اس طرح سے جڑ گئی ہیں کہ دیکھنے میں بریسلیٹ معلوم ہوتی ہیں۔ بچے کو فوری طور پر دوسرے اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا بڑا آپریشن کر کے مقناطیسی گیندوں کو اس کے پیٹ سے نکالا گیا۔