بھوپال/چھندواڑہ، 12 اکتوبر (یو این آئی) مدھیہ پردیش کے سابق وزیر اعلیٰ کمل ناتھ آج چھندواڑہ ضلع کے پراسیا پہنچے ، جہاں انہوں نے زہریلا کف سیرپ پینے سے مرنے والے بچوں کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں تسلی دی۔کمل ناتھ نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کا درد دیکھ کر ان کی آنکھیں بھر آئیں۔ یہ صرف زہریلا کف سیرپ پینے سے ہونے والی اموات کا معاملہ نہیں ہے بلکہ انتظامی لاپرواہی کے باعث ہونے والے قتل ہیں۔انہوں نے کہا کہ چھندواڑہ آج غم میں ڈوبا ہوا ہے ۔ 21 بچوں کی المناک موت نے پوری ریاست کو ہلا کر رکھ دیا ہے ۔کمل ناتھ نے کہا کہ وہ سابق ایم پی نکول ناتھ کے ساتھ متاثرہ خاندانوں کا دکھ بانٹنے کے لیے پراسیا پہنچے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب متاثرین کے ساتھ کھڑے ہیں۔