کمنز آئی پی ایل تاریخ کے مہنگے ترین کپتان بن گئے

   

گلکرسٹ اور وارنر کی کامیابی کے بعد ایک اور آسٹریلیائی کپتان
حیدرآباد ۔ آئی پی ایل 2024 کے آغاز سے قبل سن رائزرز حیدرآباد میں ایک بڑی تبدیلی دیکھنے میں آئی ہے۔ یہ تبدیلی ٹیم کے کپتان کے طور پر ہوئی ہے۔ حیدرآباد فرنچائز نے پیٹ کمنز کو17 ویں سیزن کے لیے اپنا نیا کپتان مقررکیا ہے۔ کمنز اس عہدے پر ایڈن مارکرم کی جگہ لیں گے جنہوں نے گزشتہ سیزن میں ٹیم کی کمان سنبھالی تھی۔ کمنز کو کپتان بنائے جانے کی خبر کی تصدیق سن رائزرز حیدرآباد نے ہی کی ، جبکہ یہ خبر پہلے ہی زیر بحث تھی کہ پیٹ کمنز آئی پی ایل 2024 میں حیدرآباد کی کپتانی کر سکتے ہیں۔ وہ بطورکپتان ٹیم میں مارکرم کی جگہ لے سکتے ہیں۔ جو کچھ رہ گیا تھا اس کی تصدیق باقی تھی جو اب ہوچکی ہے ۔ کمنز کو کپتان بنانے کا مطلب ہے کہ ٹیم میں مارکرم کا کردار اب صرف ایک بیٹر کا ہوگا۔ سن رائزرس حیدرآباد نے کمنزکو کپتان بنایا ہے، لیکن انہیں آئی پی ایل میں کپتانی کا کوئی سابق تجربہ نہیں ہے۔ بطور کپتان کمنز نے صرف بین الاقوامی کرکٹ میں آسٹریلیا کی کپتانی کی ہے، جہاں وہ کامیاب رہے ہیں۔ ان کی قیادت میں آسٹریلیا نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ اور2023 ونڈے ورلڈ کپ پر قبضہ کیا۔ پیٹ کمنز نے انٹرنیشنل کرکٹ پر توجہ مرکوزکرنے کے لیے آئی پی ایل 2023 سے اپنا نام واپس لے لیا تھا لیکن جب آئی پی ایل2024 کی نیلامی ہوئی توکمنز نے بھی اس میں اپنا نام درج کیا، جہاں وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے پہلے کھلاڑی بن گئے جنہوں نے 20 کروڑ روپے سے زیادہ کی بولی لگائی۔ کمنز کو حیدرآباد نے 20.50 کروڑ روپے میں خریدا۔ اس کے ساتھ وہ آئی پی ایل کی تاریخ کے مہنگے ترین کپتان بھی بن گئے۔ اس معاملے میں انہوں نے کے ایل راہل کا ریکارڈ توڑ دیا ہے جنہیں لکھنو سوپر جائنٹس نے17 کروڑ روپے میں خریدا تھا۔ کمنز آئی پی ایل کے گزشتہ آخری تین سیزن میں ایس آر ایچ کے تیسرے کپتان ہوں گے۔ کین ولیمسن کی کپتانی میں ایس آر ایچ نے آئی پی ایل 2022 میں آٹھواں مقام حاصل کیا۔ ولیمسن کو2023 کے سیزن کے آغاز سے قبل ہی ٹیم سے فارغ کر دیا گیا تھا جس کے بعد مارکرم کو ٹیم کی کمان مل گئی لیکن آئی پی ایل 2023 میں ان کی کپتانی میں ٹیم نے 14 میں سے 4 میچ جیتے تھے۔ آسٹریلوی کپتانوں کی آئی پی ایل میں اچھی تاریخ ہے۔ 2009 میں دکن چارجرز ایڈم گلکرسٹ کی کپتانی میں چمپئن بنا۔ 2016 میں سن رائزرس حیدرآباد نے ڈیوڈ وارنر کی قیادت میں کامیابی حاصل کی۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ آیا کمنز آئی پی ایل 2024 میں اس سلسلہ کو برقرار رکھ پاتے ہیں یا نہیں۔