کم جونگ ان کے ساتھ مزید ملاقاتوں کی امید :ڈونالڈ ٹرمپ

   

واشنگٹن، 21فروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے کہاکہ آئندہ ہفتہ شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان کے ساتھ ہونے والی انکی ملاقات دونوں لیڈروں کے مابین آخری میٹنگ نہیں ہوگی اور مستقبل میں ایسے مزید ملاقاتیں بھی ہوسکتی ہیں۔مسٹر ٹرمپ نے نامہ نگاروں سے کہاکہ ہم نے اس سمت میں بہت پیشرفت کی ہے اور آگے بڑھے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ یہ ہمارے مابین آخری ملاقات ہوگی کیونکہ میں ایسا نہیں مانتا۔امریکی صدر نے کہاکہ اگر شمالی کوریا کی طرف سے امید کے مطابق بہتر اقدامات کئے جاتے ہیں تو انہیں پیونگ یانگ پر عائد پابندی ہٹانے میں خوشی ہوگی۔ ٹرمپ نے دونوں ممالک کے مابین اقتصادی معاہدہ ہونے کی امید سے انکار نہیں کرتے ہوئے کہاکہ شمالی کوریا اقتصادی طورپر مضبوط ہے ۔اس سے پہلے امریکی وزارت خارجہ نے منگل کوکہا تھا کہ شمالی کوریا پر پابندیاں اس وقت تک نافذ رہیں گی جب تک وہ مکمل نیوکلیئر ترک اسلحہ کے ہدف کو حاصل نہیں کرلیتا۔مسٹر ٹرمپ اور مسٹر کم کے مابین 27-28فروری کو و یتنام کی راجدھانی ہنوئی میں ہونے والی دوسری میٹنگ میں کوریائی جزیرہ نما کو نیوکلیائی ہتھیاروں سے پاک کرانے پر بات چیت ہوگی۔گزشتہ برس جون میں کم ۔ٹرمپ کے مابین سنگاپور میں ہوئی تاریخی چوٹی کانفرنس اور جنوبی کوریا کے صدر مون جے ان اور کم جونگ ان کے مابین میٹنگ کے بعد سے کوریائی جزیرہ نما کی صورتحال میں اہم بہتری نظر آئی ہے ۔