کم جونگ نے فوجی اجلاس کی صدارت کی ‘ نیوکلئیر تیاری کا جائزہ

,

   

سیول 24 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کوریا کے لیڈر کم جونگ ان نے ایک اہم فوجی اجلاس منعقد کرتے ہوئے ملک کے نیوکلئیر اسلحہ کے ذخیرہ میں اضافہ کرنے اور ملک کی مسلح افواج کو چوکس رکھنے کا جائزہ لیا ۔ سرکاری میڈیا نے آج یہ اطلاع دی ۔ کہا گیا ہے کہ گذشتہ 20 دن میں کم جونگ ان کا یہ پہلا معلنہ عوامی اجلاس ھا ۔ کم جونگ ان کے تعلق سے یہ افواہیں گشت کر رہی تھیں کہ ان کی صحت انتہائی ناساز ہے اور ایک موقع پر تو ان کی موت کی افواہیں بھی شروع ہوگئی تھیں تاہم انہوں نے عوامی حلقوں میںنظر آتے ہوئے ان افواہوں کا خاتمہ کردیا ۔ سرکاری خبر رساں ادارے نے کہا کہ برسر اقتدار ورکرس پارٹی کے مرکزی فوجی کمیشن کے ایک اجلاس کی کم جونگ ان نے آج اتوار کو صدارت کی جس میں ملک کے نیوکلئیر اسلحہ کے ذخیرہ میں اضافہ کرنے اور مسلح افواج کو چوکس رکھنے کی ضرورت کا اظہار کیا ۔ ایجنسی نے تاہم یہ واضح نہیں کیا کہ یہ اجلاس حقیقت میں کم منعقد ہوا تھا ۔ اجلاس میں کہا گیا ہے کہ امریکہ کے ساتھ مذاکرات میں جو تعطل پیدا ہوا ہے وہ طوالت اختیار کرتا جا رہا ہے ۔ تاہم بات چیت میں تاخیر کو شمالی کوریا کی فوجی تیاریوں میں رکاوٹ بننے کا موقع نہیں دیا جانا چاہئے ۔ واضح رہے کہ کم جونگ ان اور ڈونالڈ ٹرمپ کے مابین فبروری 2019 میں دوسری مرتبہ ملاقات ہوئی تھی اور اس میں شمالی کوریا پر امریکی تحدیدات کو ختم کرنے کے تعلق سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا تھا ۔ دونوں ممالک کے مابین سفارتی سرگرمیاں بھی تعطل کا شکار ہوگئی ہیں ۔ اس تعطل اور تاخیر کو دیکھتے ہوئے کم جونگ ان نے بعد میں کہا تھا کہ وہ ایک نئے حکمت عملی ہتھیار کا جلد ہی اعلان کرینگے اور نیوکلئیر و دور فاصلے تک وار کرنے والے میزائیل تیار کرنے پر خود پر جو پابندی عائد کرلی ہے اس کو اب خاطر میں نہیں لایا جائے گا ۔ شمالی کوریا اس طرح کی کسی بھی پابندی سے آزاد ہوگا ۔ امریکہ اور شمالی کوریا کے مابین کسی طرح کے سفارتی مذاکرات میں پیشرفت کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور تعطل ہنوز برقرار ہے ۔