کنٹونمنٹ میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے سخت چوکسی کی ہدایت

   

عہدیداروں کے ساتھ اجلاس، صدر نشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن کی شرکت

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) صدرنشین ایس سی، ایس ٹی کمیشن ڈاکٹر ای سرینواس نے کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ میں کورونا وائرس کے خطرہ سے نمٹنے کیلئے کئے جارہے اقدامات کا اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں جائزہ لیا۔ چیف منسٹر کے سی آر کی ہدایت کے مطابق ایس سی، ایس ٹی کمیشن کے صدرنشین نے کنٹونمنٹ کی غریب بستیوں میں کئے جارہے انتظامات کے بارے میں معلومات حاصل کی۔ انہوں نے کہا کہ عہدیداروں کو چاہیئے کہ وہ چوکسی میں کوئی کمی نہ کریں۔ کنٹونمنٹ کے نائب صدرنشین رام کرشنا کے علاوہ مقامی افراد نے اجلاس میں شرکت کی۔ کنٹونمنٹ کے چیف ایکزیکیٹو آفیسر، اے سی پی، آر ڈی او، ایم آر او، سیول سپلائیز اور مارکیٹنگ کے عہدیداروں نے ایس سی، ایس ٹی کمیشن کو محکمہ جات کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات سے واقف کرایا۔ ڈاکٹر سرینواس نے کہا کہ ہر کالونی میں وائرس سے متعلق شعور بیداری مہم چلائی جارہی ہے اور عوام کو صبح 6 تا 8 بجے شب کے درمیان گھومنے پھرنے سے منع کیا جارہا ہے کیونکہ ہجوم کی صورت میں وائرس پھیلنے کے امکانات زیادہ ہیں۔ کالونیوں میں بنیادی ضرورتوں اور ضروری اشیاء کی سربراہی کا انتظام کیا جارہا ہے جس کے لئے ہر کالونی سے چند نوجوانوں کو منتخب کیاگیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی نگرانی میں 5 ٹیمیں تشکیل گئیں جو حکومت کی جانب سے سفید راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کی سربراہی کے انتظامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو سماجی دوری برقرار رکھنے کے سلسلہ میں بطور خاص متوجہ کیا جائے کیونکہ اکثر دیکھا گیاہے کہ لوگ اس پابندی پر عمل آوری سے گریز کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ضعیف العمر افراد اور بچوں کو کچھ زیادہ ہی احتیاط کی ضرورت ہے۔ ڈاکٹر سرینواس نے عوام سے خواہش کی کہ وہ خود کو گھروں تک محدود رکھتے ہوئے وائرس سے مقابلہ کیلئے حکام سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عہدیداروں کی جانب سے جو بھی ہدایات وقتاً فوقتاً جاری کی جارہی ہیں ان پر عمل آوری کے ذریعہ ہی بچاؤ ممکن ہے۔