کنیز فاطمہ کو گلبرگہ سے کامیابی پر صحافیوں کی مبارکباد

   

گلبرگہ /8 جون ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) : رکن اسمبلی گلبرگہ محترمہ کنیز فاطمہ قمر الاسلام کی دوسری بار بحیثیت کانگریسی امیدوار حلقہ اسمبلی گلبرگہ شمالی سے کامیابی پر علاقہ حیدرآباد کرناٹک کے سینئیر صحیفہ نگاران مسرز ایم اے حکیم شاکر، حامد اکمل ، محبوب علی ، ڈاکٹر ماجد داغی اور ڈاکٹر منظور احمددکنی لیکچرر نے ان کی رہائش گاہ پر پہنچ کر ان کی اور ان کے فرزند فراز الاسلام کی گل پوشی و شال پوشی کرتے ہوئے انھیں مبارک باد پیش کی ۔ واضح رہے کہ حلقہ اسمبلی گلبرگہ سے سابق میں ممتاز عوامی قائد الحاج قمر الاسلام مرحوم بھی کئی بار کامیاب ہوئے تھے اور وہ یہاں سے ایک بارپارلیمینٹ کی نشست کے لئے بھی منتخب ہوئے تھے ۔ الحاج قمر الاسلام کرناٹک کے وزیر کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے تھے ۔ ان کے انتقال کے بعد گلبرگہ کے رائے دہندگان نے اپنے ہر دل عزیز رہنما الحاج قمر الاسلام کی اہلیہ محترمہ کنیز فاطمہ کو دوسری بار اسمبلی کے لئے منتخب کیا ہے۔ توقع جارہی ہے کہ اس بار ریاستی حکومت انھیں چند اہم ذمہ داریاں بھی سپرد کرے گی ۔