انقرہ : ترکی کے شمالی حصے میں کوئلے کی ایک کان میں دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 25 کان کن ہلاک ہوگئے۔ درجنوں دیگر ملبے تلے اب بھی پھنسے ہوئے ہیں۔ ترکی کے وزیر صحت فخر الدین کوجہ نے جمعہ 14 اکتوبر کی شب کو بتایا کہ کوئلے کی اس کان میں دھماکے کے بعد امدادی سرگرمیاں جاری ہیں اور 11 افراد کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا ہے۔ ترک وزیر داخلہ سلیمان صویلو نے بحر اسود سے جڑے صوبے بارتین کے اماصرہ ضلع میں جائے حادثہ پر نامہ نگاروں کو بتایا کہ جس وقت دھماکہ ہوا اس وقت مجموعی طور پر 110 مزدور کان کے اندر موجود تھے۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اب بھی 49 افراد کان کے اندر دو مختلف جگہوں پر پھنسے ہوئے ہیں جو سطح زمین سے 300 اور 350 میٹر نیچے ہیں۔ وزیر توانائی فاتح دونماز نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش سے پتہ چلا ہے کہ دھماکہ فائر ڈیمپ کی وجہ سے ہوا۔