کوئل کنڈہ میں ہجوم کی سنگباری ۔ 5 پولیس اہلکار زخمی

   

حیدرآباد 4 فبروری ( پی ٹی آئی ) محبوب ضلع کے کوئل کنڈہ منڈل کو نئے نارائن پیٹ ضلع میںشامل کرنے کے خلاف ایک ہجوم کے احتجاج اور پولیس پر سنگباری کے نتیجہ میں 5 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے جن میں ایک انسپکٹر بھی شامل ہے ۔ کہا گیا ہے کہ ہجوم اس منڈل کی نارائن پیٹ میں شمولیت کے خلاف احتجاج کر رہا تھا اور انہوں نے راستہ روک دیا تھا ۔ پولیس کی جانب سے راستہ کو بحال کرنے کی کوششوں کے دوران انہوں نے پولیس پر سنگباری کردی ۔ احتجاجیوں کی قیادت تمام سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے نمائندے کر رہے تھے اور ان کا احتجاج گذشتہ 10 دن سے جاری ہے ۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت تلنگانہ کوئل کنڈہ منڈل کو نئے تشکیل پانے والے ضلع نارائن پیٹ میں شامل نہ کرے ۔ مقامی عوام نے اپنے احتجاج اور مطالبہ سے ضلع کلکٹر کو بھی واقف کروا دیا ہے ۔ یہ لوگ سڑک پر اجتماعی پکوان کر رہے تھے اور انہوں نے ایک ایمبولنس کو روک دیا تھا ۔ پولیس نے ایمبولنس کو راستہ دینے کی کوشش کی تو پولیس پر سنگباری کردی گئی جس میں پانچ پولیس اہلکار زخمی ہوگئے ۔