کواڈ نے شنزو آبے کی موت پر سوگ کا اظہار کیا

   

واشنگٹن ۔ کواڈ گروپ کے رہنماؤں نے جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ وائٹ ہاؤس نے امریکی صدر جو بائیڈن کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم آسٹریلیا،ہندوستان اور امریکہ کے رہنما ،جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے المناک قتل سے صدمہ میں ہیں ۔ مسٹر آبے جاپان کے لیے ایک تبدیلی پسند رہنما تھے ۔ ان کے ہر ملک سے اچھے تعلقات تھے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مسٹر آبے نے کواڈ پارٹنرشپ کے قیام میں بھی تعمیری کردار ادا کیا اور ایک آزاد اور کھلے ہند-بحرالکاہل کے لیے مشترکہ وژن کو آگے بڑھانے کے لیے انتھک محنت کی۔ ہم دکھ کی اس گھڑی میں جاپان کے عوام اور وزیر اعظم فومیو کشیدا کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ہم ایک پرامن اور خوشحال خطے کے لیے اپنے کام کو دوگنا کرکے مسٹر آبے کو خراج عقیدت دیں گے ۔ آبے کو جمعہ کو جاپان کے مغربی شہر نارا میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا تھا۔