کورونا انفیکشن کے معاملے ایک لاکھ سے زیادہ، 3163 مریضوںکی موت

,

   

نئی دہلی، 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں گزشتہ دو دنوں میں کورونا وائرس (کووڈ۔19) کے 10 ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آنے سے متاثروں کی تعداد بڑھ کرایک لاکھ سے زیادہ ہوگئی ہے اوریہ اعدادوشمار کو پار کرنے والا یہ دنیا کا گیارہواں ملک بن گیا ہے ۔ملک میں اس انفیکشن سے تین ہزار سے زیادہ لوگوں کی اب تک موت ہوچکی ہے ۔ملک میں فی الحال کورونا انفیکشن کے 58,802 معاملے سرگرم ہیں۔وزارت صحت کی جانب سے منگل کو صبح جاری اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 4,970 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جس سے مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 101139 ہوگئی ہے ۔اس سے ایک دن پہلے 5,242 معاملے سامنے آئے تھے ۔ملک میں اس انفیکشن سے گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں134 لوگوں کی موت ہونے سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 3163 ہوگئی ہے ۔ انفیکشن کے بڑھتے معاملوں کے باوجود ایک مثبت بات یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2350 لوگ صحت مند ہوئے ہیں جس کے ساتھ صحت مند ہوئے لوگوں کی مجموعی تعداد 39174 ہوگئی ہے ۔ملک میں کورونا سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے اور مجموعی انفیکشن کے معاملوں میں ایک تہائی معاملے یہیں کے ہیں۔ مہاراشٹر میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 2347 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں مجموعی طور سے متاثروں کی تعداد بڑھ کر 33,053 ہوگئی ہے اور مجموعی طور سے 1198لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 7688 لوگ اس انفیکشن سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں گجرات دوسرے نمبر پر ہے ۔ گجرات میں اب تک 11379 لوگ اس سے متاثر ہوئے ہیں اور 659 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 4499 لوگوں کو علاج کے بعد چھٹی دے دی گئی ہے ۔کورونا وائرس کے انفیکشن کے معاملوں میں ٹاملناڈو تیسرے نمبر پر ہے ، یہاں مجموعی طور سے انفیکشن سے متاثر لوگوں کی تعداد 11,224 ہوگئی ہے اور اس انفیکشن سے 78 لوگوں کی موت ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ 4172 لوگ اس بیماری سے ٹھیک ہوچکے ہیں۔قومی راجدھانی دہلی کی صورت حال بھی اس جان لیوا انفیکشن کی وجہ سے تشویشناک ہے اوریہاں بھی متاثروں کی تعداد بڑھ کر 10,054 ہوگئی ہے اور گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 31 مریضوں کی موت کے ساتھ مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 160 ہوگئی ہے اور4485 لوگوں کو علاج کے بعد اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے ۔

مہاراشٹرا، ٹاملناڈومیں کورونا وائرس کے زیادہ کیس
نئی دہلی، 19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ -19)ہندوستان کی ریاست مہاراشٹرا، ٹاملناڈواور گجرات میں کافی تیزی سے پھیل رہا ہے اور ان تینوں ریاستوں میں متاثرین کی تعداد سب سے زیادہ بالترتیب 35058، 11760 اور 11745 ہو گئی ہے جبکہ ان ریاستوں میں کل 2024 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔مرکزی وزارت صحت کی جانب سے منگل کی صبح جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 4،970 نئے کیس سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 101139 تک پہنچ گئی ہے ۔ ملک میں اس وبا سے کل 3163 افراد کی موت ہوئی ہے اور 39174 لوگ صحت مند بھی ہوئے ہیں۔