کورونا سے سبق حاصل کرتے ہوئے ملک میں طبی سہولتوں میں اضافہ ضروری

,

   

وزیر اعظم کو کے سی آر کا مشورہ، تلنگانہ میں علاج کی بہتر سہولتوں کا دعویٰ، ویڈیو کانفرنس میں شرکت

حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مشورہ دیا کہ کورونا کے تجربہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے ملک میں طبی سہولیات میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی جائے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج کورونا کی صورتحال پر ملک کے 10 چیف منسٹرس کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کا اہتمام کیا تھا۔ ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیتے ہوئے چیف منسٹر نے تلنگانہ میں کورونا کی موجودہ صورتحال سے متعلق تفصیلات پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء ملک میں طبی سہولیات میں اضافہ اور بہتری کی ضرورت سے متعلق یاددہانی کراتی ہے۔ انہوں نے ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ کہا کہ کورونا کے تجربات نے ہمیں سبق سکھایا ہے کہ ملک میں طبی سہولتوں میں اضافہ کی ضرورت ہے۔ صحت کے میدان میں آنے والے وقت میں کس طرح کے قدم اٹھائے جائیں اس ضمن میں دوراندیشی سے غور کرنے کی ضرورت ہے۔ جامع طبی سہولیات سے متعلق منصوبہ بندی درکار ہے۔ مرکز اور ریاستوں کو باہم اشتراک سے اس محاذ پر ترتیب دیئے گئے منصوبوں کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کام کرنا ہوگا۔ ماضی میں ہمیں کورونا جیسی وباء سے نمٹنے کا کوئی تجربہ نہیں تھا اور نہ اس بات کا کوئی اندازہ تھا کہ ایسی صورتحال کتنے دن جاری رہے گی۔ ہمیں ایسی صورتحال کا سامنا کرتے ہوئے مستقبل میں ایسے حالات سے نبردآزما ہونے پر عوام کو بہتر طبی خدمات کی فراہمی پر توجہ کی ضرورت ہے۔ سابق میں بھی متعدد وائرس سے لوگ دوچار ہوئے تھے اور اس بات کا خدشہ ہے کہ مستقبل میں بھی کورونا جیسی وباؤں سے دوچار ہونا پڑے گا۔ ہمیں ابھی سے طبی محاذ پر کسی بھی تباہ کن صورتحال کا مقابلہ کرنے کیلئے اقدامات کرنے چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ آبادی کے مقابلہ میں ڈاکٹرس کی دستیابی کا تناسب مثالی ہونا چاہیئے۔

ڈاکٹرس اور مریضوں کا تناسب کیا ہو، مزید کتنے میڈیکل کالجس کی ضرورت ہے ان اُمور سے متعلق انڈین میڈیکل اسوسی ایشن جیسے سرکردہ اداروں سے مشاورت کرتے ہوئے مناسب منصوبہ بندی اور اقدامات کئے جانے چاہیئے۔ ہمیں فی الحال ان خطوط پر سوچنے کی ضرورت ہے۔ مستقبل میں کورونا جیسی صورتحال کا سامنا کرنے کیلئے طبی شعبہ کو تیار کرنے کی ضرورت ہے اور وزیر اعظم کو اس خصوص میں پہل کرنی چاہیئے۔ انہوں نے ملک میں طبی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے مرکز اور ریاستوں میں باہم اشتراک کی ضرورت ظاہر کی۔ انہوں نے ریاست میں کورونا کے پھیلاؤ پر قابو پانے کیلئے اقدامات کی وضاحت کی اور کہا کہ حکومت نے تلنگانہ میں تمام تر قدم اٹھائے ہیں جس کے مثبت نتائج برآمد ہوئے۔ ریاست میں ریکوری کی شرح 71 فیصد ہے جبکہ اموات کی شرح محض 0.7فیصد ہے۔ ٹسٹوں کے انعقاد میں نمایاں اضافہ کیا گیا ہے اور مریضوں کیلئے بہتر علاج کی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں۔ درکار تعداد میں بیڈز، ادویات، طبی عملہ اور طبی آلات کو تیار رکھا گیا ہے۔ آئی سی ایم آر، نیتی آیوگ اور مرکز کی جانب سے وقتاً فوقتاً جاری کی جارہی رہنمایانہ ہدایات پر عمل کیا جارہا ہے۔ طبی عملہ ، پولیس اور دیگر سرکاری مشنری دن رات خدمات انجام دے رہی ہے۔ ویڈیو کانفرنس میں وزیر صحت ای راجندر، حکومت کے مشیر راجیو شرما، چیف سکریٹری سومیش کمار، ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی، پرنسپال سکریٹری محکمہ صحت رضوی اور دیگر عہدیدار موجود تھے۔ تلنگانہ کے علاوہ آندھرا پردیش ، کرناٹک، تاملناڈو، مغربی بنگال، مہاراشٹرا ، پنجاب، بہار، گجرات اور اتر پردیش کے چیف منسٹرس نے ویڈیو کانفرنس میں حصہ لیا۔