کورونا سے متاثرہ مقابلوں کا حل ،آئی سی سی کا اعلان

   

دبئی۔ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے کورونا وائرس سے متاثرہ مقابلوں کا حل پیش کردیا اور اب ٹسٹ چیمپئن شپ فائنلسٹس کا فیصلہ پوائنٹس کے تناسب پر ہوگا۔ ٹسٹ چیمپئن شپ کا فائنل آئندہ برس جون میں انگلینڈ میں مقرر ہے اور فائنلسٹ ٹیموں کا تعین مارچ تک ہونا تھا لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے نظام العمل درہم برہم ہوگیا۔ کئی سیریز ملتوی ہوئیں خاص طور پر بنگلادیش کافی متاثر ہوا جس کی 4 سیریز التوا کا شکارہوچکی ہیں۔ اس کے باوجود آئی سی سی مقررہ وقت پر ہی ادھوری ٹسٹ چیمپئن شپ کا فائنل منعقد کرنے کی خواہاں ہے، متاثر ہونے والے مقابلوں کے حوالے سے مختلف متبادل پر غور کیا جارہا ہے ۔ ایک رپورٹ کے مطابق کرکٹ کمیٹی میں ملتوی میچزکو ڈرا قرار دینے کے طریقہ کار پر غور ہوا لیکن اسے ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے پوائنٹس کے تناسب پر چیمپئن شپ فائنلسٹ ٹیموں کے تعین پر اتفاق کر لیا گیا، رواں ہفتے آئی سی سی کی چیف ایگزیکٹیوزاجلاس میں منظوری دی جاسکتی ہے۔ اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر ہندوستان پہلے مقام پر موجود ہے لیکن اس کی اگلی 2 سیریز آسٹریلیا اور انگلینڈ سے مقرر ہیں۔ دونوں سے اسے بالترتیب 4 اور 5 ٹسٹ میچز کھیلنے ہیں جس کے نتائج ٹیموں کے مقامات کو متاثر کرسکتے ہیں، پھر بھی تناسب کے اعتبار سے فی الحال ہندوستانی ٹیم ہی فائنل کھیلنے کیلئے سب سے آگے ہے۔ دوسری جانب اگر نیوزی لینڈ کی ٹیم اس ہوم سیزن میں ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے خلاف ٹسٹ سیریز میں کامیابی حاصل کرلے تو پوائنٹس کا تناسب 70 فیصد ہوجائے گا، جس سے ٹاپ 2 کی ٹیموں میں تبدیلی بھی ممکن ہے ۔