کورونا قواعد کی خلاف ورزی، سری لنکائی کھلاڑی معطل

   

کولمبو : سری لنکائی کھلاڑیوں کشل مینڈس، دانشکا گناتلکا اورنروشن ڈکویلا کو انگلینڈ میں بائیوببل کی خلاف ورزی کے لئے معطل کردیا گیا ہے ۔ اتنا ہی نہیں تینوں کھلاڑیوں کو انگلینڈ کے ڈرہم سے فوری وطن واپس بھیجاجارہا ہے ۔سری لنکا کرکٹ کے سکریٹری موہن ڈی سلوا نے پیرکے روز ایک بیان میں کہاسری لنکا کرکٹ ایگزیکٹو کمیٹی نے کشل مینڈس، دانشکا گناتلکا اورنروشن ڈکویلا کو بائیو ببل کی خلاف ورزی کے لئے معطل کردیا ہے اورانہیں فوری سری لنکا واپس بلالیا جائے گا۔سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) نے اپنے کھلاڑیوں کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا ہے کیونکہ انگلینڈ کے خلاف رواں سیریز کے دوران ان کھلاڑیوں کی جانب سے کورونا قواعد کی خلاف ورزی کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے۔ مذکورہ کھلاڑیوں کو اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہیکہ وہ اتوار کو انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 مقابلے کے بعد ڈرہم کی سڑکوں پر آزادانہ گھوم رہے ہیں۔ اتوار کو کھیلے گئے مقابلہ میں سری لنکا کو 89 رنز کی شکست برداشت کرنی پڑی اور اس ٹیم کا مذکورہ کھلاڑی حصہ تھے۔ سری لنکا حکام اس بات کی تحقیق کررہے ہیں کہ مذکورہ بالا کھلاڑی بائیوببل کی خلاف ورزی تو نہیں تھی۔ سری لنکائی مداح کی جانب سے سوشل میڈیا پر شائع کئے جانے والے ویڈیو میں یہ کھلاڑی سڑکوں پر گھوم رہے ہیں۔ اس ضمن میں سری لنکا کرکٹ کے صدر شمی سلوا نے کہا کہ اس ضمن میں تحقیقات جاری ہیں اور دیکھا جارہا ہیکہ کھلاڑی کہیں قواعد کی خلاف ورزی تو نہیں کی ہے۔