کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام لاک ڈاؤن میں مکمل حصہ لیں

   

غیر ضروری گھومنے کی ضرورت نہیں، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کا بیان

حیدرآباد۔ /28 مارچ، ( سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈاؤن میں مکمل طور پر حصہ لیں کیونکہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی اقدامات کے سوا کوئی راستہ نہیں ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کھمم میں اپنے حلقہ انتخاب مدیرا کا دورہ کرتے ہوئے لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ مہلک وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر اور خاص طور پر سماجی دوری ضروری ہے۔ دنیا بھر کے ماہرین اس بات پر متفق ہیں کہ سماج میں شعور بیدار کیا جائے کہ وائرس کا پھیلاؤ ہجوم کی صورت میں ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور ریاستی حکومتوں نے جو تحدیدات عائد کی ہیں وہ سماج کی بھلائی کیلئے ہے لہذا ہر ایک کی ذمہ داری ہے کہ ان پر سختی سے عمل کریں۔ ورلڈ ہیلت آرگنائزیشن نے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے سلسلہ میں مرکزی و ریاستی حکومتوں کو سخت چوکسی کی ہدایت دی ہے۔ آنے والے چند دن انتہائی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کورونا سے بچاؤ خود عوام کے ہاتھوں میں ہے اور وہ چاہیں تو اس سے باآسانی بچ سکتے ہیں۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ ملک، سماج اور اپنے خاندان کی بھلائی کیلئے ہمیں اپنے آپ پر تحدیدات کو لاگو کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ صحت و صفائی تک توجہ کے ساتھ ساتھ خود کو گھر تک محدود رکھیں۔ وقفہ وقفہ سے ہاتھوں کو دھونا چاہیئے تاکہ وائرس کاکوئی شائبہ باقی نہ رہے۔ سی ایل پی لیڈر نے عہدیداروں کی ستائش کی جو وائرس کے بارے میں شعور بیداری مہم میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹرس، پیرا میڈیکل اسٹاف اور پولیس اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر سماج کی خدمت میں مصروف ہیں۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کی پیداوار کی خریدی کیلئے خصوصی مراکز قائم کئے جائیں اور پیداوار کی منتقلی کا انتظام کیا جائے۔ انہوں نے حکومت کو تجویز پیش کی کہ کسانوں اور غریبوں کو فوری طور پر دو تین ماہ کا راشن سربراہ کیا جائے تاکہ لاک ڈاؤن کے دوران انہیں اشیائے ضروریہ کیلئے بھاگ دوڑ کی ضرورت نہ پڑے۔ انہوں نے کہا کہ وائرس نے ساری دنیا کو آزمائش میں مبتلاء کردیا ہے اور اس عالمی وباء سے بچاؤ کیلئے ہمیں سخت چوکسی اختیار کرنی ہوگی۔