کورونا وائرس لاک ڈاؤن کا منفی اثر ، تلنگانہ میں 404 کمپنیاں بند

   

ہندوستان بھر میں 10 ہزار 113 کمپنیوں کی کارکردگی ختم ، مرکزی مملکتی وزیر کارپوریٹ افئیرس کا پارلیمنٹ میں بیان
حیدرآباد۔ کورونا وائرس لاک ڈاؤن کے دوران ریاست تلنگانہ میں جملہ 404 کمپنیوں نے کمپنیز ایکٹ کے تحت موجود قوانین کے استعمال کے ذریعہ اپنی کمپنیوں کو بند کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مرکزی وزارت کارپوریٹ افئیرس کو واقف کروایا ہے۔ ملک بھر میں جملہ 10ہزار 113 کمپنیوں نے اپنی کمپنیوں کو کمپنیز ایکٹ کی دفعہ 248(2) کے استعمال کے لئے بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ مرکزی حکومت میں موجود مملکتی وزیر کارپوریٹ افئیرس نے پارلیمنٹ میں ایک سوال کے تحریری جواب میں اس بات سے واقف کرواتے ہوئے کہا کہ ملک بھر جو کمپنیاں لاک ڈاؤن کی مدت کے دوران بند کی گئی ہیں ان کے ریکارڈ کے اعتبار سے 10ہزار کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کئے ہیں یہ اعداد و شمار جاریہ سال فروری تک کے ہیں۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاست کے اساس پر اگر دیکھا جائے تو اتر پردیش میں سب سے زیادہ کمپنیوں نے اپنے کاروبار کو بند کیا ہے جن کی تعداد 1936 ہے اور تمل ناڈو دوسرے نمبر پر ہے جہاں کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کئے ہیں ۔ تمل ناڈوں میں بند ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 1279ریکارڈ کی گئی ہے۔ مہاراشٹرا کے علاوہ کرناٹک میں جو کمپنیاں بند کی گئی ہیں ان کی تعداد 836ہے چندی گڑھ میں 501 کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کئے ہیں۔ راجستھان میں گذشتہ ایک برس کے دوران 404کمپنیاں اور کیرالہ میں 307کمپنیاں بند کی جاچکی ہیں۔ جھارکھنڈ میں اب تک 137 اور مدھیہ پردیش میں 111 کمپنیوں نے اپنے کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ بہار میں اس مدت کے دوران 104کمپنیاں بند کی جاچکی ہیں۔ مملکتی وزیر برائے کارپوریٹ امور مسٹر انوراگ ٹھاکر نے لوک سبھا میں اٹھائے گے ایک سوال کے جواب میں یہ تفصیلات تحریری طور پر ایوان میں پیش کیں اور بتایا کہ لاک ڈاؤن کے بعد سے فروری 2021 تک جو کمپنیاں بند کی جاچکی ہیں ان تمام کمپنیوں کی تفصیلات ملک گیر سطح پر ہر ریاست میں بند ہونے والی کمپنیوں کی تفصیلات کی تعداد ایوان میں پیش کی جا رہی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ سال 2020-21 کے دوران تجارتی سرگرمیوں کے ٹھپ ہونے کے سبب کئی کمپنیاں بند ہوئی ہیں ۔