کورونا وائرس کے باوجود مصری خاتون وزیر صحت کا دورہ چین

   

قاہرہ ۔ 2 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین میں کورونا وائرس پھیلنے کے بعد بیرون ملک سے وفود اور عالمی شخصیات کی چین آمد تقریبا بند ہوگئی ہے۔ اس کے باوجود مصرکی خاتون وزیر صحت ڈاکٹر ہالہ زاید ایک اعلیٰ اختیاراتی وفد کے ہمراہ کل اتوار کو بیجنگ روانہ ہوگئیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق بیجنگ روانگی سے قبل قاہرہ کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر ھالہ نے کہا کہ میں صدر عبدالفتاح السیسی کی طرف سے چینی قوم کیلئے ایک تحفہ لیکر جا رہی ہوں۔ اس موقعے پر مصر میں چین کے سفیر بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ چین ہمارا دوست ملک ہے۔آج چین مشکل میں ہے اور ہم چین کی اس مشکل سے نکلنے میں مدد کرنا چاہتے ہیں۔ مصر چین کیلئے انسانی بنیادوں پر جو کچھ کرسکتا ہے وہ ضرور کرے گا۔خاتون وزیر نے بتایا کہ مصر نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئیمتعدد اقدامات کیے ہیں۔ مصر اور عالمی ادارہ صحت کے ساتھ مکمل ہم آہنگی ہے اور اب بتدریج صورتحال بہتر ہو رہی ہے۔ڈاکٹر ھالہ زاید نے انکشاف کیا کہ مصر میں 1443 افراد کو کورونا سے ملتی جلتی علامات ظاہر ہونے کے بعد ہاسپٹلس میں داخل کردیاگیا ہے تاہم ان کے مکمل طبی معائنے کے بعد ہی یہ معلوم ہوسکے گا کہ آیا وہ کورونا وائرس سے متاثر ہیں یا نہیں۔انہوں نے کہا کہ صدر السیسی نے اتوار کے روز کورونا وائرس سے نمٹنے کے احتیاطی منصوبوں پر ایک اجلاس منعقد کیا اور تمام احتیاطی اقدامات اٹھانے کیلئے سخت صدارتی ہدایات موجود ہیں۔مصر میں عالمی ادارہ صحت کے نمائندہ جان جبور نے ہفتے کے روزایک پریس بیان میں کہا تھا کہ مصری حکام کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے پیشہ وارانہ طریقے سے کام کر رہے ہیں۔