اسمارٹ فونس کی تقسیم، وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ کورونا وباء پر قابو پانے کیلئے تلنگانہ میں کیا گیا فیور سروے ملک کیلئے مثالی ثابت ہوا ہے۔ سبیتا اندرا ریڈی نے آج وقارآباد ضلع میں آشا ورکرس میں اسمارٹ فونس کی تقسیم عمل میں لائی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سبیتا اندرا ریڈی نے کہا کہ صحت مند تلنگانہ کیلئے چیف منسٹر کے سی آر مساعی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کورونا پر قابو پانے کیلئے محکمہ صحت اور آشا ورکرس کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے موثر منصوبہ بندی اختیار کی جس کے نتیجہ میں کورونا کی تیسری لہر سے موثر انداز میں نمٹا جاسکا ہے۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ کورونا سے خوف کا شکار ہوئے بغیر ہیلت ورکرس اور آشا ورکرس نے عوام میں کورونا سے بچاؤ کیلئے شعور بیداری کا کام انجام دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وباء کے دوران نمایاں خدمات پر حکومت نے آشا ورکرس کو اسمارٹ فونس حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے آشا ورکرس کی تنخواہوں کو 3 ہزار سے بڑھا کر 9 ہزار روپئے کردیا ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ہمیشہ ہیلت ورکرس اور آشا ورکرس کی خدمات کی ستائش کی ہے۔ اسمارٹ فونس کی تقسیم کی اس تقریب میں وقارآباد ضلع کے عوامی نمائندوں نے شرکت کی۔ر