کورونا ٹیکہ لینے کے بعد 2 ڈاکٹرس کووڈپازیٹیو خانگی شعبہ کے دو ڈاکٹرس بھی متاثر

   

حیدرآباد : نظامس انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسیس اور چیسٹ ہاسپٹل سے تعلق رکھنے والے دو پوسٹ گریجویٹ ڈاکٹرس میں کورونا ویکسین کی ٹیکہ اندازی کے 20 دن بعد کورونا کی علامات ظاہر ہوئی ہیں۔ کورونا کا ٹیکہ لینے کے باوجود ان ڈاکٹرس کا کورونا پازیٹیو ہونا میڈیکل اسٹاف میں تشویش کا باعث بن چکا ہے۔ دونوں ڈاکٹرس انٹینسیو کیر یونٹ میں خدمات انجام دیتے ہیں اور وہ احتیاطی طور پر کٹس کا استعمال کرتے رہے ۔ انہوں نے کووڈ۔19 کی تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی تھیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جن وارڈس میں ان کی خدمات تھیں، وہ کورونا متاثر تھا جس کے نتیجہ میں مریضوں سے نمٹنے کے دوران وہ کورونا کا شکار ہوگئے۔ ڈاکٹر سرینواس راؤ نے جن کا تعلق نمس سے ہے، کہا کہ ٹیکہ اندازی مرض کے وجود میں آنے کی وجہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پازیٹیو مریضوں سے ربط کے سبب ڈاکٹرس متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ڈاکٹرس پرخطر یونٹس میں کام کر رہے تھے۔ انہیں خصوصی نگہداشت میں رکھا گیا اور کورونا علامات پر نظر رکھی جارہی ہے۔ اسی دوران خانگی شعبہ میں تین ڈاکٹرس ویکسین لینے کے باوجود کورونا پازیٹیو پائے گئے۔ انکی حالت مستحکم بتائی گئی ہے۔