کورونا کے ایک روز میں 9000 کیس

,

   

انڈیامیں متاثرین 2.07 لاکھ سے متجاوز۔217 اموات کا اضافہ
نئی دہلی ۔ 3 جون (سیاست ڈاٹ کام) ملک کے تمام ریاستوں اور مرکزی علاقوں میں مصدقہ کوویڈ۔ 19 انفیکشنس کی مجموعی تعداد چہارشنبہ کو ایک دن میں ریکارڈ تقریباً 9000 بڑھ گئی۔ حکومت نے کہا کہ اس مرض سے صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد بھی ایک لاکھ سے آگے ہوچکی ہے اور ٹسٹنگ کے انفراسٹرکچر میں قابل لحاظ بہتری لائی گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ریاستوں اور مرکزی علاقوں جیسے مہاراشٹرا، ٹاملناڈو، گجرات اور دہلی کے علاوہ نئے کیس کئی مشرقی اور شمال مشرقی ریاستوں میں بدستور ابھر رہے ہیں، جن میں بہار، مغربی بنگال، اوڈیشہ، آسام، ناگالینڈ، میزورم اور سکم شامل ہے۔ اترکھنڈ، ہماچل پردیش، آندھراپردیش اور کیرالا بھی ان ریاستوں میں سے ہیں جہاں زیادہ تعداد میں لوگ کورونا سے متاثرہ پائے گئے ہیں۔ مرکزی وزارت صحت نے کہا کہ متاثرین کی جملہ تعداد ملک بھر میں بڑھ کر 2,07,615 ہوگئی جبکہ منگل کی صبح 8 بجے سے 24 گھنٹوں میں 8,909 کیسوں کا اضافہ ہوا۔ اموات میں 217 کے اضافہ کے ساتھ جملہ تعداد 5815 ہوگئی۔ فعال کیسوں کی تعداد بڑھ کر زائد از 1.01 لاکھ ہوچکی ہے جبکہ 1,00,302 کورونا مریض پہلے ہی صحتیاب ہوچکے ہیں جو مجموعی طور پر زائد از 48 فیصد کی شرح صحتیابی ہے۔ ہندوستان کوویڈ وباء سے متاثرہ ممالک میں امریکہ، برازیل، روس، برطانیہ، اسپین اور اٹلی کے بعد 7 واں شدید متاثرہ ملک ہے۔ ہندوستان میں دو لاکھ مریضوں کی تعداد منگل کی رات درج کی گئی جبکہ 15 دنوں میں تقریباً ایک لاکھ نئے کیس سامنے آئے ہیں۔ انڈیا میں کوویڈ۔19 کا پہلا کیس 31 جنوری کو درج ہوا تھا۔