کورونا کے بڑھتے کیسز ، چین میںمفت ادویات کی تقسیم

   

بیجنگ : چین کے بڑے شہروں میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز سے نمٹنے کیلئے حکومت نے شہریوں میں مفت ادویات تقسیم کرنا شروع کر دی ہیں۔خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چین کے سب سے بڑے شہر شنگھائی کے ڈیجی ہسپتال نے اپنے سرکاری اکاؤنٹ پر پوسٹ کیا کہ شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد تقریباً 54 لاکھ 30 ہزار ہے جبکہ سال کے آخر تک یہ تعداد ڈھائی کروڑ تک پہنچ جائے گی۔ہسپتال کی جانب سے پیغام میں کہا گیا ہے کہ ’اس المناک جنگ میں گریٹر شنگھائی کا پورا علاقہ متاثر ہوگا اور ہسپتال کا تمام عملہ بھی متاثر ہوگا۔ ہمارے پاس اور کوئی چوائس نہیں ہے اور نہ ہی ہم اس سے فرار حاصل کر سکتے ہیں۔‘منگل کو ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد تین لاکھ 89 ہزار 306 بتائی گئی تھی، جبکہ پیرکو حکومت نے کورونا کے باعث ہونے والی پہلی دو ہلاکتوں کا اعلان کیا تھا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگلے سال چین میں کورونا کے باعث ہلاکتوں کی تعداد دس لاکھ سے زیادہ ہو سکتی ہے۔خیال رہے کہ بیجنگ سمیت دیگر شہروں میں پابندیوں کے خلاف احتجاج کے بعد چین نے 3 دسمبر کو تمام پابندیاں ہٹا دی تھیں جس کے بعد کورونا کے کیسز میں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔چین میں کورونا کیسز کی تعداد میں اس قدر اضافہ ہو گیا ہے کہ ہسپتالوں میں مریضوں کے لیے بیڈز کی کمی واقع ہوگئی ہے جبکہ دواساز کمپنیاں ادویات کی کمی کو پورا کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق مقامی انتظامیہ ادویات کی کمی کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں جبکہ دواساز کمپنیاں میں ورکرز اضافی وقت لگاتے ہوئے پروڈکشن زیادہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔