کورونا کے خلاف ’’واٹر تھراپی ‘‘۔ 23 افراد گرفتار

,

   

وائرس کو بھگانے تالی ، تھالی ، دیا جلاؤ کے بعد توہم پرستی کا ایک اور مظاہرہ

احمدآباد: کوروناوائرس کے خلاف گزشتہ سال وزیراعظم نریندر مودی کی قیادت میں عجیب و غریب طریقے استعمال کئے گئے جو توہم پرستی کے سواء کچھ نہ ہوا۔ چنانچہ آج ہندوستان وائرس کی نئی لہر کی شدت کا سامنا کررہا ہے۔ تاہم مودی کی آبائی ریاست گجرات میں آج بھی توہم پرستی اور اندھے عقیدہ کے مطابق عمل جاری ہے جس سے معتقدین کا ماننا ہیکہ کورونا وائرس ختم ہوجائے گا۔ دو روز قبل سانند تعلقہ کے گاؤں نواپورہ میں دیکھا گیا کہ تقریباً 500 خواتین اپنے سروں پر پانی کے گھڑے لیکر ایک مندر کی طرف جارہی تھیں۔ مندر کے پاس چند مرد پانی کے گھڑے لیکر وہاں خالی کررہے تھے۔ ایک پولیس آفیسر نے بتایا کہ گاؤں والوں کا ماننا ہیکہ اگر پانی بالی یادو مندر پر بھینٹ کیا جاتا ہے تو کورونا وائرس ختم ہوجائے گا۔ یوں سمجھئے کہ یہ کورونا کے خلاف ’’واٹر تھراپی‘‘ ہے۔ تاہم پولیس نے کوویڈ قواعد کی خلاف ورزی میں ہجوم اکھٹا کرنے پر کارروائی کرنا پڑا اور 23 افراد گرفتار کئے گئے۔