کورونا کے علاج میں حکومت کے تساہل پر گورنر سے شکایت

   

کانگریس قائدین کا مکتوب، ہر ضلع میں مفت علاج کی سہولت کا مطالبہ
حیدرآباد ۔15۔ جون(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے گورنر ٹی سوندرا راجن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت کی جانب سے کورونا مریضوں کے علاج میں عدم دلچسپی اور سرکاری دواخانوں میں سہولتوں کی کمی سے واقف کرایا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور کانگریس ٹاسک فورس کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے گورنر کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ریاست میں کورونا کیسیس میں اضافہ اور حکومت کی ناکامیوں کو اجاگر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون رعایتوں میں نرمی کے بعد سے کیسیس میں اضافہ ہوا ہے۔ حیدرآباد اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں روزانہ مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ۔ حکومت موجودہ صورتحال سے سائنٹفک انداز میں نمٹنے کے بجائے عام حالات کی طرح نمٹ رہی ہے۔ اپوزیشن کی جانب سے ٹسٹوںکی تعداد میں مسلسل اضافہ کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔ کانگریس نے 30 اسمبلی حلقوں میں 50,000 ٹسٹ کے فیصلہ کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ حکومت کو ٹسٹ کے طریقہ کار کی تفصیلات کا اعلان کرنا چاہئے ۔ حکومت نے خانگی اداروں میں ٹسٹ کی قیمت 2200 روپئے مقرر کی ہے۔ کانگریس پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ تمام ٹسٹ مفت کئے جائیں اور حکومت خانگی دواخانوں کو پابجائی کرے۔ کانگریس قائدین نے کورونا کا علاج آروگیہ شری اسکیم کے تحت کرنے اور خانگی ہاسپٹلس کو علاج کا معاوضہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ غریب اور متوسط طبقات کو بہتر علاج کی سہولتیں حاصل ہوسکیں۔ انہوں نے شکایت کی کہ ریاستی وزراء قواعد کی خلاف ورزی کرتے ہوئے افتتاحی تقاریب میں شرکت کرہے ہیں۔ اس طرح کی تقاریب میں صرف عہدیداروں کی شرکت کی ہدایت دی جائے ۔ انہوں نے ہر ضلع میں کم از کم ایک ہاسپٹل کورونا کے علاج کیلئے مختص کرنے کا مطالبہ کیا۔ کانگریس نے نمس میں بہتر علاج اور ٹسٹ کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ ڈاکٹرس کو تحفظ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔