کورونا کے پھیلاو میںشدت کا اثر

   

سرکاری عہدیدار طویل رخصت پر جانے کے خواہاں
حیدرآباد۔ تلنگانہ اضلاع میں کورونا مریضوں میںاضافہ سے عہدیداروں کی تشویش میں اضافہ ہونے لگا ہے اور ضلع کے سرکاری عہدیدار طویل رخصت لینے پر غور کر رہے ہیںکیونکہ کورونا مریضوں کی تعداد نے عہدیداروں میں خوف پیدا کردیا ہے۔ مختلف محکمہ جات میں برسر خدمت عہدیدار اب تک کورونا کے حالات کے متعلق صرف سن رہے تھے لیکن اب جو صورتحال ہے اس کو دیکھتے ہوئے وہ اپنے تحفظ کے متعلق فکر مند ہیں۔ چونکہ محکمہ صحت کی خدمات لازمی خدمات کے زمرہ میں ہیں اسی لئے محکمہ صحت کے سوا دیگر محکمہ جات کے ملازمین و عہدیداروں طویل رخصت حاصل کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ شہر میں کورونا کی وباء کے سبب سرکاری دفاتر کے عملہ کے متاثر ہونے نے دفاتر میں تشویش پیدا کردی تھی لیکن اب جبکہ شہر سے زیادہ تعداد اضلاع میں ریکارڈ کی جارہی ہے تو وہ مزید تشویش میں مبتلاء ہیں۔ اب نلگنڈہ‘ سوریہ پیٹ‘ سدی پیٹ‘ کریم نگر ‘ محبوب نگر‘ نظام آباد کے علاوہ کاماریڈی کے عہدیدار او ر ملازمین طویل رخصت حاصل پر غور کر رہے ہیں۔ عہدیداروں اور ملازمین کی تنظیموں کا کہناہے کہ جو صورتحال ہے اس کے سبب 80 فیصد سے زائد ملازمین نے کوئی رخصت حاصل نہیں کی ہے جس کی وجہ سے ان کی رخصتیں برقرار ہیں اسی لئے وہ خود کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنے رخصت کا منصوبہ تیار کر رہے ہیں۔