سیول، 3 اگست (آئی اے این ایس) جنوبی کوریا اور امریکہ نے پیر کے روز کوریائی جنگ (1950-53) کے دوران تباہ ہونے والے امریکی فوجی طیاروں کے ملبے کی تلاش کے لیے جنوبی کوریا کے مشرقی ساحل کے قریب سمندر میں مشترکہ زیرِ آب سروے اورکھدائی کا کام شروع کردیا۔ جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے مطابق یہ مشترکہ مہم 28 اگست تک جاری رہے گی۔ وزارت دفاع نے بتایا کہ یہ کارروائی گانگ وون صوبے کے گانگ نیونگ اور یانگ یانگ کے ساحلی علاقوں میں انجام دی جا رہی ہے۔ اس میں جنوبی کوریا کی ایجنسی فارکے آئی اے ریکوری اینڈ آئیڈینٹیفکیشن اور امریکہ کی ڈیفنس پی او ڈبلیو/ایم آئی اے اکاؤنٹنگ ایجنسی (ڈی پی اے اے) مشترکہ طور پر حصہ لے رہی ہیں۔ اس کارروائی میں تقریباً 40 عہدیدار شریک ہیں، جن میں جنوبی کوریا کی بحریہ کے فرسٹ فلیٹ، فضائیہ کے 18ویں فائٹر ونگ کے اہلکار، امریکی ماہرینِ زیرِ آب منصوبہ بندی اور غوطہ خور شامل ہیں۔تحقیقی مہم کا آغاز یانگ یانگ کاؤنٹی کے ساحلی پانیوں سے کیا گیا ہے، جو سیول سے تقریباً 215 کلومیٹر مشرق میں واقع ہے۔ یہاں امریکی فضائیہ کے ایف فور یو کورسیر جنگی طیارے کا ملبہ تلاش کیا جائے گا۔ سرکاری ریکارڈ کے مطابق یہ طیارہ فروری 1952 میں ایک خراب امریکی حملہ آور طیارے کو حفاظتی حصار فراہم کرتے ہوئے حادثے کا شکار ہوا تھا، جس میں ایک پائلٹ ہلاک ہوگیا تھا۔اس کے بعد مشترکہ ٹیم گانگ نیونگ کے ساحلی علاقے میں امریکی فوج کے کرٹس سی-46 کمانڈو فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں کے ملبے کی تلاش کرے گی۔ یہ طیارے اکتوبر اورنومبر 1952 میں دو الگ الگ حادثات کا شکار ہوئے تھے۔ پہلے حادثے میں طیارے میں سوار 17 افراد لاپتہ ہوگئے تھے، جبکہ نومبر کے حادثے میں دو افراد ہلاک ہوئے تھے اور سات دیگر لاپتہ قرار دیے گئے تھے۔