کوشک ریڈی کا رویہ جمہوریت میں قابل مذمت

   

کے سی آر اور کے ٹی آر اپنے رکن اسمبلی کو ڈسپلن سکھائیں : مہیش کمار گوڑ
حیدرآباد 14 جنوری : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس بی مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس رکن اسمبلی پی کوشک ریڈی پر برہمی کا اظہار کیا ۔ آج انہوں نے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی کوشک ریڈی کا رویہ قابل مذمت ہے ۔ انہیں ذیب نہیں دیتا کہ وہ دوسرے عوامی منتخب نمائندوں کے ساتھ غلط برتاؤ کریں ۔ مہیش کمار گوڑ نے بی آر ایس پارٹی سربراہ کے سی آر اور بی آر ایس ورکنگ صدر کے ٹی آر کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے رکن اسمبلی کو کنٹرول میں رکھیں ۔ جمہوریت میں عوامی منتخب نمائندوں کو ڈسپلن میں رہنا چاہئے اور ساتھ ہی نئی نسل کیلئے رول ماڈل بننا چاہئے مگر کوشک ریڈی حدود سے تجاوز کررہے ہیں ان کا رویہ تشدد کی حوصلہ افزائی کرتا ہے ۔ جتنے حقوق کوشک ریڈی کے ہیں اتنے ہی حقوق دوسرے ارکان اسمبلی کے ہیں ۔ ان کے حقوق اور اختیارات کا احترام کرنا کوشک ریڈی کی ذمہ داری ہے ۔ مہیش کمار گوڑ نے کوشک ریڈی کے رویے پر بی آر ایس قیادت کی خاموشی کو مضحکہ خیز قرار دیا ۔ انہوں نے اپنا رویہ تبدیل کرنے کا کوشک ریڈی کو مشورہ دیا ۔ مہیش کمار گوڑ نے تلگو عوام کو سنکرانتی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ سال ریاست کی ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کا سال ہوگا ۔ حکومت 26 جنوری سے مزید چار نئے اسکیمات پر عمل کرکے عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کررہی ہے ۔ حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں۔ مقامی اداروں کے انتخابات میں کانگریس پارٹی تاریخی جیت درج کرے گی ۔ کانگریس پارٹی کیڈر میں نیا جوش و خروش دیکھا جارہا ہے ۔۔ 2