کولمبیا کے طیارے تارکین وطن کو لے کر وطن واپس

   

بوگوٹا: کولمبیا کے صدر گستاو پیٹرو نے کہا ہے کہ امریکہ سے بے دخل تارکین وطن کو لے کر کولمبیائی ایرو اسپیس فورس کے دو طیارے منگل کو ملک کے دارالحکومت بوگوٹا میں اترے۔ گستاو پیٹرو کی ہدایت پر کولمبیا کے شہریوں کو ہیوسٹن، ٹیکساس اور سان ڈیاگو، کیلیفورنیا سے اُٹھایا گیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ کیا، وہ کولمبیا کے باشندے ہیں، وہ آزاد اور عزت دار ہیں اور وہ اپنے وطن میں ہیں، جہاں ان سے پیار کیا جاتا ہے ۔ مہاجر کوئی مجرم نہیں ہے ، وہ ایک انسان ہے جو کام کرنا اور ترقی کرنا چاہتا ہے ۔ پیٹرو نے اتوار کے روز بے دخل لوگوں کو لے جانے والے امریکی فوجی طیاروں کے داخلے سے انکار کردیا اور کہا کہ ان کے ساتھ مجرموں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ اس اقدام پر ان کے امریکی ہم منصب ڈونالڈ ٹرمپ نے سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کولمبیا کے تمام سرکاری اہلکاروں کے ویزے منسوخ کرنے اور کولمبیا سے درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف لگانے کی دھمکی دی۔اس کے بعد دونوں فریقوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کولمبیا کے طیارے بے دخل افراد کو بغیر ہتھکڑیوں کے ، محفوظ اور باوقار حالات میں لے جائیں گے ، جیسا کہ کولمبیا کی حکومت نے درخواست کی تھی۔کولمبیا کے فیملی ویلفیئر انسٹی ٹیوٹ نے اطلاع دی ہے کہ بے دخل کیے گئے کولمبیا کے لوگوں میں 26 نابالغ تھے ۔