تادیبی کارروائی کیلئے میناکشی نٹراجن سے بات چیت
حیدرآباد۔21۔اگسٹ (سیاست نیوز) چیف منسٹر ریونت ریڈی نے وزیر جنگلات کونڈا سریکھا کی دختر کونڈا سشمیتا کی جانب سے ان کے خلاف بیان پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے لندن سے اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ میناکشی نٹراجن ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ اور دیگر وزراء سے بات چیت کی اور سشمیتا کی جانب سے عائد کردہ سنگین الزامات پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ کونڈا سریکھا نے دختر کے بیان سے محض لاتعلقی ظاہر کی جبکہ انہوں نے مذمت نہیں کی۔ تادیبی کارروائی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹس پر کونڈا سریکھا نے جواب دیا اور دختر کے بیان سے محض لاتعلقی ظاہر کی۔ چیف منسٹر نے میناکشی نٹراجن اور مہیش کمار گوڑ کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں پارٹی ہائی کمان کو واقف کرایا۔ چیف منسٹر کا کہنا تھا کہ ڈسپلن شکنی کے خلاف کارروائی نہ کرنے کی صورت میں دوسروں کو موقع مل سکتا ہے۔ رکن اسمبلی آر پرکاش ریڈی کے خلاف مقابلہ کرنے کا سشمیتا نے اعلان کیا اور ورنگل کے دورہ کے موقع پر چیف منسٹر کی جانب سے پرکاش ریڈی کی ستائش کی مذمت کی۔ کونڈا سریکھا کی دختر کے چیف منسٹر کے خلاف بیان پر پارٹی حلقوں میں عمومی طور پر ناراضگی کا اظہار کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر سے قریبی مانے جانے والے ارکان اسمبلی اور پارلیمنٹ نے کونڈا سریکھا کے خلاف کارروائی کے لئے ہائی کمان سے نمائندگی کی۔1/k